جنوبی افریقی ٹی ٹونٹی لیگ، آصف علی کی 80 رنز کی دھواں دار اننگز، کیپ ٹائون بلٹز کی مسلسل دوسری کامیابی، آصف علی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

اتوار 18 نومبر 2018 19:10

جنوبی افریقی ٹی ٹونٹی لیگ، آصف علی کی 80 رنز کی دھواں دار اننگز، کیپ ..
ڈربن۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) جنوبی افریقن ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ میں آصف علی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کیپ ٹائون بلٹز نے ڈربن ہیٹ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 158 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 7 وکٹوں پر پورا کیا، 83 کے سکور پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد آصف علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بائولرز کا بھرکس نکال دیا، انہوں نے 33 گیندوں پر 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 80 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

اتوار کو ڈربن میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں ڈربن ہیٹ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 157 رنز بنائے، زونڈو 49 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کپتان ایلبے مورکل 45 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، اینرچ نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں کیپ ٹائون بلٹز نے مطلوبہ ہدف 19.1 اوورز میں 7 وکٹوں پر حاصل کیا، 83 رنز پر 5 وکٹیں کھونے کے بعد آصف علی نے میدان سنبھالا، انہوں نے مشکل وقت میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور 80 رنز کی اننگز کھیل کر حریف ٹیم کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا، جینمان میلان 31 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کیشو مہاراج نے 3 اور مرچنٹ ڈی لانگ نے 2 وکٹیں لیں۔

متعلقہ عنوان :