مسلم اٴْمہ کے مسائل کی بنیادی وجہ سیرة النبیؐ پرعمل نہ کرنا ہے،مفتی راغب حسین نعیمی

ہمیں اپنی زندگی کے ہر پہلو میں آپؐ کی تعلیمات اور سیرت طیبہ سے رہنمائی حاصل کرناہوگی، ناظم اعلیٰ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ

اتوار 18 نومبر 2018 19:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 نومبر2018ء) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرمفتی راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ مسلم اٴْمہ کے مسائل کی بنیادی وجہ سیرة النبیؐ پرعمل نہ کرنا ہے۔ہمیں اپنی زندگی کے ہر پہلو میں آپؐ کی تعلیمات اور سیرت طیبہ سے رہنمائی حاصل کرناہوگی۔اسوئہ حسنہ کواپناکرہی ہم اپنے معاشرے میں روحانی انقلاب لاسکتے ہیں۔

دنیوی واخری کامیابی صرف اورصرف سیرت النبی ؐ کی کامل پیروی میں ہی ممکن ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز بزم نعیمیہ کے زیر اہتمام جشن آمدرسول ؐ کے سلسلے میں نکالے گئے سالانہ جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلوس گڑھی شاہو،کوئین میری کالج روڑ،لاہورپریس کلب اورپولیس لائن سے گزرتاہوا دربار بی بی پاکدامن پر اختتام پذیر ہوا،جلوس میں مولانا محبوب احمدچشتی،مفتی محمدہاشم رضوی،مفتی محمدعارف حسین،مفتی محمدعمران حنفی،پیر سید زین العابد ین شاہ،مفتی محمدمدنی،مولانا غلام مرتضی نقشبندی،مولانا غلا م یاسین نعیمی،مولانامسعود احمدسیالوی،قاری محمدامیر قادری،قاری ذولفقار احمد،قاری محمدرفیق ،قاری غلام محی الدین،قاری عبدالمجید،پیر فاروق احمد،مولانا محب الرسول،مفتی بلال فاروق نعیمی،مولانا محمدامین نعیمی،مفتی بلال سلطان ، مولانا جنید خالق،قاری سعید احمدنقیبی،مفتی قیصر شہزاد نعیمی،ملک خالد،علماء ومشائح،دینی اساتذہ وطلباء سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

جلوس میں شرکاء مختلف اسلامی نعروں کے ذریعے ’’غلام رسول میں موت بھی قبول ہے‘‘ ،نعرہ تکبیرہ ،نعرہ رسالت ،جشن آمدرسول ،مرحبامرحبا دیگرنعروں سے محسن کائنات سے اپنی محبت کااظہارکرتے رہے۔جلوس کے اختتام پردرباربی بی پاکدامن کے مزارپر دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرمفتی راغب حسین نعیمی نے ملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاکرائی۔