Live Updates

وزیر اعظم عمران خان جلد ہی قبائلی اضلاع کیلئے ایک بڑے پیکج کا اعلان کریں گے،شاہ فرمان

اتوار 18 نومبر 2018 20:00

پشاور۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کے مسائل سے باخبر ہیں اور جلد ہی مذکورہ علاقے ملک کے ترقی یافتہ علاقوں کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے، وزیر اعظم عمران خان جلد ہی قبائلی اضلاع کیلئے ایک بڑے پیکج کا اعلان کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز گورنر ہاؤس پشاور میںقبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے مشران پر مشتمل جرگہ سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی گورنر خیبر پختونخوا کے ساتھ موجودتھے۔ قبائلی مشران میں ملک خان مرجان وزیر، ملک ناصر اللہ وزیر، ملک شاہ جہان وزیر، ملک عبدالقادر خان وزیر، ملک فریداللہ وزیر، ملک شہریار وزیر، ملک دالی خان، ملک شیر خان وزیر کے علاوہ دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ایس پی طاہر ڈاور کی شہادت اور اس افسوس ناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اورمرحوم کی مغفرت کیلئے دعابھی کی گئی۔

قبائلی جرگہ نے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے ساتھ قبائلی اضلاع کے مکمل انضمام سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور بعض معاملات پر اپنی تجاویز و رائے پیش کیں۔اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کا مقصد یہاںکے عوام اور علاقوں کی ترقی و خوشحالی مطلوب ہے ،قبائلیوں کی عزت و وقار اور تحفظ ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے، سابقہ فاٹا کے انضمام کے بعد یہاں کے نوجوانوں کا ملازمتوں میں پہلے سے طے شدہ کوٹہ برقرار ہے جس کو ختم نہیں کیا گیا ہے جبکہ قبائلی اضلاع میں خاصہ دار اور لیوی فورس کا ایک اہلکار بھی ملازمت سے فارغ نہیں ہو گا اور ان کی اپنے ہی علاقوں میں ملازمتیں برقرا رہیں گی۔

انہوں نے کہا قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کا جلد اعلان کیا جائے گا اور ترقیاتی فنڈز کو قبائلی مشران کی مشاورت سے خرچ کریں گے بلکہ کسی بھی قسم کے فیصلے میں قبائلی مشران کی مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات