وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمو دخان کی شہید ایس پی محمد طاہر داوڑکی رہائش گاہ آمد،اہل خانہ سے اظہار تعزیت

قتل کی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،محمودخان

اتوار 18 نومبر 2018 20:00

پشاور۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمو دخان شہید ایس پی محمد طاہر داوڑکی رہائش گاہ حیات آباد گئے جہاں اُنہوںنے شہید کے اہل خانہ سے اُن کی وفا ت پرفاتحہ خوانی کی ۔ محمود خان نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اورشہید کے درجات کی بلندی کیلئے دُعا کی۔ انہوں نے صوبے میں امن وامان قائم رکھنے کے حوالے سے اُن کی خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی اورکورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہرمحمودبھی موجود تھے ۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایس پی محمد طاہر داوڑ قتل کیس کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی جے آئی ٹی بنا دی گئی ہے اور قتل کی تحقیقات کے حوالے سے اہل خانہ کو مطمئن کیا جائے گا اور تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔اُنہوںنے اپوزیشن سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہاکہ اپوزیشن کاکام ہی تنقید کرنا ہوتا ہے،وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام نہیں ، وقت بتائے گا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام نہیں ہیں۔