جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی نے آل پاکستان بین الکلیاتی مباحثہ جیت لیا

اتوار 18 نومبر 2018 20:00

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی نے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں منعقدہ بین الکلیاتی مباحثہ جیت لیا۔ آئی ایس پی آر سے اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مباحثے میں پاکستان بھر سے 49 نمایاں تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات شریک ہوئے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے جیتنے والوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

انگریزی مباحثہ میں پہلا انعام جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی کی ثناء زہرا کو دیا گیا جبکہ دوسرا انعام کراچی یونیورسٹی کی مومل عزیز نے جیتا۔ اردو مباحثہ میں پہلا انعام کیڈٹ کالج اورماڑا، گوادر کے ابو ہریرہ نے حاصل کیا اور دوسرے انعام کی حقدار جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی کی ماہ جبیں ٹھہریں۔

آل پاکستان بین الکلیاتی مباحثہ 1974 ء سے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کے تعلیمی کیلنڈر کا مستقل حصہ چلا آ رہا ہے اور اسے ملک بھر میں منعقد ہونے والے تمام مباحثوں میں نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں ملک بھر سے جذبے سے بھرپور ٹیمیں اکٹھی ہوتی ہیں اور مباحثے میں بھرپور شرکت کرتی ہیں۔