Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی معاشی استحکام کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے‘گزشتہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت شدید مشکلات کا شکار ہوئی‘ پی ٹی آئی کی حکومت نے متعدد درست اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں‘ معاشی صورتحال کو مستحکم کرنے کے لئے آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

اتوار 18 نومبر 2018 20:40

اسلام آباد۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی معاشی استحکام کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے‘گزشتہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت شدید مشکلات کا شکار ہوئی‘ پی ٹی آئی کی حکومت نے متعدد درست اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں‘ معاشی صورتحال کو مستحکم کرنے کے لئے آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے۔

اتوار کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ملک کو قرضوں کے جال میں پھنسا دیا تھا، قرضوں کی رقم غیرضروری منصوبوں یا ان چیزوں پر خرچ کی گئی جو ان کے لئے فائدہ مند تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سابقہ حکمرانوں نے قومی دولت کو لوٹا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ شریف برادران اور زرداری سے لوٹی ہوئی رقم کی وصولی سے ملک کو درپیش مالی بحران ختم ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کا منشور ہے اور وزیراعظم عمران خان نے عام انتخابات اس وعدے پر لڑا تھا کہ کرپٹ لوگوں کا احتساب ہو گا اور لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کے پیسوں کو لوٹنے والے لٹیروں اور چوروں کو قابو کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، کرپٹ لوگوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا اور کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

ہم وہ تبدیلی لائیں گے جس کا وعدہ ہم نے انتخابات میں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومتوں نے اپنے کرپٹ اقدامات کے باعث سرکاری اداروں کو تباہ کیا، ہر ادارے میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ لوگوں نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے اور وہ حکومت سے بڑی امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں، انہیں مایوس نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان 29نومبر کو 100دنوں کی تکمیل پر حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اپنے صوبے کے عوام کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت پنجابکے لوگوں کو مایوس نہیں کرے گی۔ بیورو کریسی میں اکھاڑ بچھاڑ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد اہم عہدوں پر درست افراد کی تعیناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قومی احتساب بیورو میں ایک بھی تعیناتی نہیں کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے بغیر مدینہ جیسی ریاست کا پاکستان میں قیام ممکن نہیں اور اقلیتی برادری کے تمام ارکان کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جائے گی جو کہ سوشل میڈیا سمیت تمام میڈیا کو ریگولیٹ کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایک اور این آر او چاہتی ہے تاہم حکومت ان کی یہ خواہش پوری نہیں کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات