تجاوزات کے خلاف کارروائیاں، ہمارا عزم ہے کہ ہم کراچی کو اس کی اصل شکل میں واپس لائیں گے، وسیم اختر

اتوار 18 نومبر 2018 21:00

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہمارا عزم ہے کہ ہم کراچی کو اس کی اصل شکل میں واپس لائیں گے، اس میں ہمیں شہریوں اور کاروباری حضرات کا بھرپور تعاون حاصل ہے، سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد اب کراچی کی فٹ پاتھوں، سڑکوں اور پارکوں میں تجاوزات اب باقی نہیں رہ سکتی، صدر اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی تجاوزات تھیں جنہیں ہٹا دیا گیا ہے اور اب یہ کام صدر کے علاقوں سمیت شہر بھر میں جاری ہے، کیٹرک سہراب روڈ پر واقع 100 سے زائد غیر قانونی دکانوں سمیت انٹر سٹی بس ٹرمینل کے نام پر جو غیرقانونی دکانیں اور تجاوزات قائم کی گئی تھیں انہیں بھی ہٹا دیا گیا ہے، تجاوزات قائم کرنے والے فٹ پاتھوں اور سرکاری زمین پر قابض ہو کر خود تو ہزاروں لاکھوں روپے کما رہے تھے مگر یہ عوام کے لئے باعث تکلیف تھا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی دوپہر صدر کراچی کنٹونمنٹ کے علاقے کیٹرک سہراب روڈ میں تجاوزات کے خلاف ہونے والی کارروائی کا معائنہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمان اور دیگر بھی موجود تھے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے اطراف قائم تجاوزات کو ہٹانے کے لئے مختلف شہری اداروں نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور ساتھ ساتھ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور رینجرز کا تعاون بھی ہمیں حاصل رہا، یہی وجہ ہے کہ بغیر کسی نقصان کے تجاوزات کے خلاف کارروائی کو کامیابی کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے، تجاوزات کے خلاف ہونے والا آپریشن شہر کے دیگر حصوں میں بھی بلاامتیاز جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دکاندار فٹ پاتھوں پر رکھی ہوئی اشیاء کو ازخود ہٹالیں بصورت دیگر نقصان کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف ہونے والی اس کارروائی میں زیادہ تر دکانداروں اور کاروباری حضرات نے ازخود تعاون کیا اور بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے نوٹس کی وصولی کے بعد بہت سارے دکانداروں اور کاروباری حضرات نے اپنی حد سے بڑی ہوئی دکانوں یا نالوں، فٹ پاتھوں اور پارکوں میں بنی ہوئی دکانوں کو ازخود کارروائی کرتے ہوئے ہٹا دیا تھا جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔

وسیم اختر نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اس شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے یہاں رہنے والوں کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔ علاوہ ازیں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف ہونے والی یہ کارروائی بلاامتیاز پرامن طریقے سے جاری ہے، کہیں کہیں بعض مقامات پر ہلکی اور معمولی نوعیت کی مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن بہتر اور عمدہ ٹیم ورک کے نتیجے میں نہ صرف یہ کہ پولیس اور رینجرز کی مدد سے اس پر قابو پالیا گیا بلکہ کیٹرک سہراب روڈ پر واقع تمام تجاوزات کو ہٹا دیا گیا ہے جس پر اطراف کے مکینوں اور دیگر شہریوں نے اس سڑک کے کشادہ ہونے پر اپنی دلی مسرت کا اظہار کیا ہے۔