امیر تبلیغی جماعت حاجی مولانا عبدالوہاب کورائیونڈ تبلیغی مرکز میں سپرد خاک کر دیا گیا

نماز جنازہ مولانا نذر الرحمان نے پڑھائی، سیاسی ، مذہبی شخصیات،علماء و مشائخ،دینی اساتذہ کی شرکت

اتوار 18 نومبر 2018 21:00

لاہور۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) مسلم دنیا کی بااثر ترین شخصیت امیر تبلیغی جماعت حاجی مولانا عبدالوہاب کی رائیونڈ تبلیغی مرکز کی اجتماع گاہ میں نماز جنازہ ادا کرد ی گئی،نماز جنازہ مولانا نذر الرحمان نے پڑھائی،اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی ،ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل،مولانا فضل الرحیم اشرفی،مولانا اسعد عبیداللہ، مولانا مجیب الرحمان انقلابی، ڈاکٹر فرید پراچہ،حافظ ادریس سمیت سیاسی و مذہبی شخصیات،علماء و مشائخ،دینی اساتذہ، طلباء اور تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے ملک بھر سے ہزاروںافراد نے نماز جنازہ میں شرکت کی، بعد ازاں مولانا عبدالوہاب کو تبلیغی مرکز رائیونڈ میں سپرد خاک کر دیا گیا،اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے، مولانا عبدالوہاب کی عمر96 برس تھی وہ چند روز سے ڈاکٹرز ہسپتال میں زیر علاج تھے، حاجی عبدالوہاب کو سانس اور سینے کی تکلیف بھی تھی، بیماری کے باعث رواں سال کے تبلیغی اجتماع میں شرکت بھی نہیں کرسکے تھے،گزشتہ رات حاجی عبدالوہاب کی طبیعت کا فی خراب ہو گئی جس کی وجہ سے وہ اس جہاں فانی سے کوچ کر گئے، ان کے انتقال پر مذہبی ، سیاسی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور علماء کرام نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔