کوئٹہ ،جماعت اسلامی قوم کو تاریکیوں ،پریشانیوں ومشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، زکریا ملازئی

موجودہ حکومت سے عوام کو بہت سے توقعات تھی مگر تین مہینے گزرنے کے باوجودعوام کے مسائل میں کوئی کمی نہیں آئی نہ لوٹی ہوئی دولت برآمد ہوئی ،نہ سادگی اختیار کی گئی اور نہ ہی کرپشن پر قابو پایا گیا، نومنتخب امیر جماعت اسلامی لورالائی

اتوار 18 نومبر 2018 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 نومبر2018ء) جماعت اسلامی لورالائی کے نومنتخب امیر زکریا ملازئی نے کہا کہ جماعت اسلامی قوم کو تاریکیوں ،پریشانیوں ومشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے موجودہ حکومت سے عوام کو بہت سے توقعات تھی مگر تین مہینے گزرنے کے باوجودعوام کے مسائل میں کوئی کمی نہیں آئی نہ لوٹی ہوئی دولت برآمد ہوئی ،نہ سادگی اختیار کی گئی اور نہ ہی کرپشن پر قابو پایا گیا جس کی وجہ سے اب اب عوام اور ان حکمرانوں کو ووٹ دینے والے پھر مایوس وبددل ہوگئے ہے عوام کو بالآخرجماعت اسلامی کاساتھ دینا ہوگا ۔

جماعت اسلامی موروثیت ،کرپشن ،لسانیت وفرقہ واریت سے پاک ملک کی سب سے منظم وبڑی دینی جماعت ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہارا نہوں نے مرکزاسلامی لورالائی میں حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پرنومنتخب امیر زکریاملازئی نے امارت ضلع کاحلف لیاتقریب میں کثیر تعدادمیں نوجوانوں وبزرگوں نے شرکت کی’’ حلف برداری تقریب ‘‘سے جماعت اسلامی کے رہنمائوں پروفیسر محمد اکبر ناصر،ڈاکٹر حبیب اللہ ،نصراللہ ترہ کئی ،محمد اخلاص ہمزازئی ودیگر نے خطاب میں کہا کہ پاکستان اسلام کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آیاتھا مگرقیام پاکستان سے لیکر اب تک برسراقتدارآنے والے حکمرانوں نے حقیقی مقصدکو پورا کرنے کی بجائے صرف اپنے اقتدارکوطول اورذاتی مفادات کی تکمیل کی ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ملک میں شریعت کے نفاذ اورپاکستان کو ایک اسلامی ،فلاحی اورجمہوری ریاست کے قیام کیلئے آخری دم تک جدوجہد کرکے بانی پاکستان قائد اعظمؒ کاخواب شرمندہ تعبیر کرے گی ۔ہم عوام الناس ،علماء کرام اور طلبہ کو بیدار کریں گے کیونکہ پاکستان کے تمام مسائل کا واحد حل نفاذ اسلام میں مضمرہے۔ اس ملک میں کرپشن ،دہشتگردی،بدامنی،ٹارگٹ کلنگ،لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اورامن وامان کاقیام صرف اسلامی نظام کے نفاذ سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ عالم انسانیت کیلئے ایک مثالی نمونہ ہے،جماعت اسلامی کی جدوجہد کا محور ومرکز بھی یہی ہے۔