Live Updates

وزیراعظم نے کل مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرلیا

اجلاس میں مردم وخانہ شماری کے نتائج کی منظوری دیے جانے کا امکان، عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائےاعلیٰ، متعلقہ وزراء سمیت صوبائی حکام شرکت کریں گے۔ ذرائع وزیراعظم سیکرٹریٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 18 نومبر 2018 22:04

وزیراعظم نے کل مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرلیا
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 نومبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس کل ہوگا،اجلاس میں مردم وخانہ شماری کے نتائج کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع وزیراعظم سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کل وزیراعظم ہاؤس میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائےاعلیٰ اورمتعلقہ وزیروں اورحکام کومدعو کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مردم وخانہ شماری کے نتائج کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کے دورے پر گئے ہوئے ہیں، وزیراعظم پاکستان عمران خان اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد زید النیہان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، جس میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے زیرغور معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے اور دفاع، تجارت ، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق بھی کیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد زید کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صدارتی محل آمد پر وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جس کے بعد عمران خان نے ولی عہد شیخ ‌محمد بن زید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ‌باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے زیرغور معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت پر بھی اتفاق کیا۔ اسی طرح ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ہرقسم کی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی یو اے ای کے ولی عہد سے ملاقات میں دونوں ملکوں کا تربیت ، مشترکہ مشقوں اور دفاعی پیداوار میں تعاون سمیت تجارت، سرمایہ کاری اوردیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شیخ زید بن سلطان النیہان پاکستان کے سچے دوست تھے۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد زید النیہان نے کہا کہ عرب امارات علاقائی اورعالمی سطح پربرداشت کی اقدارکوفروغ دے رہا ہے۔ پاک عرب امارات تعلقات تعاون وعزت واحترام کے مضبوط رشتے پرمبنی ہیں۔

انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان کی قربانیاں اور کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے دورہ کے موقع پر ابوظہبی کی تاریخی شیخ زید جامع مسجد کا دورہ کیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شیخ زید جامع مسجد کے ڈائریکٹر جنرل یوسف العبیدی نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مسجد میں نماز ادا کی اور تاریخی مسجد کی عالی شان تعمیر کی تعریف کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات