اماراتی نائب صدرکا وزیراعظم عمران خان کواردوزبان میں خوش آمدید

دبئی میں شیخ محمد راشد المکتوم نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات اور دورے کی ٹویٹر پرتصاویر اور پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا پیغام بھی اردو زبان میں جاری کیا

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار نومبر 22:40

اماراتی نائب صدرکا وزیراعظم عمران خان کواردوزبان میں خوش آمدید
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 نومبر 2018ء) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم شیخ محمد راشد المکتوم نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو اردو زبان میں خوش آمدید کہا، نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد راشد المکتوم  نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات اور دورے کی ٹویٹر پرتصاویر اور پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا پیغام بھی جاری کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔ جہاں پر وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد زید اور یو اے ای کے نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد راشد المکتوم نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر دونوں جانب سے گرمجوشی کا مظاہرہ دکھائی دیا۔ نائب صدرشیخ محمدبن راشدالمکتوم نے کہا کہ ہم وزیراعظم پاکستان كوخوش آمدید کہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہمارے بھائی چارے وباہمی تجارت کی طویل تاریخ ہے۔
وزیراعظم عمران خان اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد زید کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صدارتی محل آمد پر وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جس کے بعد عمران خان نے ولی عہد شیخ ‌محمد بن زید سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ‌باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے زیرغور معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت پر بھی اتفاق کیا۔ اسی طرح ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ہرقسم کی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی یو اے ای کے ولی عہد سے ملاقات میں دونوں ملکوں کا تربیت ، مشترکہ مشقوں اور دفاعی پیداوار میں تعاون سمیت تجارت، سرمایہ کاری اوردیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شیخ زید بن سلطان النیہان پاکستان کے سچے دوست تھے۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد زید النیہان نے کہا کہ عرب امارات علاقائی اورعالمی سطح پربرداشت کی اقدارکوفروغ دے رہا ہے۔ پاک عرب امارات تعلقات تعاون وعزت واحترام کے مضبوط رشتے پرمبنی ہیں۔

انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان کی قربانیاں اور کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اورشہزادہ محمد بن زید نے 19فروری کومشترکہ وزارتی کمیشن کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ وزارتی کمیشن کی مشترکہ صدارت پاکستان اوریو اے ای کے وزرائے خارجہ کرینگے۔دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ زیرالتواء معاہدے جلد فائنل کرنے کیلئے اقدامات کرینگے۔

وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے دورہ کے موقع پر ابوظہبی کی تاریخی شیخ زید جامع مسجد کا دورہ کیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شیخ زید جامع مسجد کے ڈائریکٹر جنرل یوسف العبیدی نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مسجد میں نماز ادا کی اور تاریخی مسجد کی عالی شان تعمیر کی تعریف کی۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس کل ہوگا۔

ذرائع وزیراعظم سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائےاعلیٰ اورمتعلقہ وزیروں اورحکام کومدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مردم وخانہ شماری کے نتائج کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔