Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کا دورہ متحدہ عرب امارات،شیخ محمدبن زید النہیان نے استقبال کیا،وزیراعظم کے اعزاز میں صدارتی محل میں باضابطہ استقبالیہ دیا گیا، استبقالیہ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی،وزیراعظم عمران خان اورمتحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زیدالنہیان کا دوطرفہ تعلقات کو طویل المعیاد تزویراتی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے،تجارت، سرمایہ کاری ، اقتصادی ترقی ، توانائی، بنیادی ڈھانچہ اورزراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اورشراکت داری میں اضافہ کیلئے جامع روڈمیپ کی تشکیل پر اتفاق،پاکستان یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن کا آئندہ اجلاس فروری 2019 ء میں ابوظہبی میں منعقد کرانے کا فیصلہ، صدارت دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ مشترکہ طور پرکرینگے،دونوں رہنمائوں نے پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے انعقاد اور زیرالتواء معاہدوں کو فاسٹ ٹریک پر حتمی شکل دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا،مشترکہ اعلامیہ

اتوار 18 نومبر 2018 22:50

اسلام آباد۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) وزیراعظم عمران خان اورمتحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زیدالنہیان نے پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کو طویل المعیادتزویراتی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیاہے۔ابوظہبی کے ولی عہد اورمتحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پروزیراعظم عمران خان نے اتوارکو متحدہ عرب امارات کاایک روزہ دورہ کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کاوفد بھی ان کے ہمراہ تھا۔ پاکستان کے وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسد عمر، وزیرپیٹرولیم غلام سرورخان، وزیرمملکت پاورعمرایوب خان ،تجارت کیلئے وزیراعظم کے مشیر اورچیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ شامل تھے۔

(جاری ہے)

شیخ محمدبن زید النہیان نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا جس کے بعد وزیراعظم کے اعزاز میں صدارتی محل میں باضابطہ استقبالیہ دیا گیا، استبقالیہ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔

دبئی میں وزیراعظم عمران خان کااستقبال متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم ، نائب صدر اوردبئی کے حکمران شیخ راشد المکتوم نے کیا۔وزیراعظم نے شیخ زید مسجدکا دورہ کیا اورشہداء کی یادگار پر حاضری دی، جہاں انہوں نے اپنی قوم کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ولی عہد شیخ محمد بن زید کے ساتھ وفود کی سطح کی بات چیت میں دوطرفہ، علاقائی اوربین الاقوامی اہمیت کے تمام امور پرتوجہ مرکوز کی گئی۔

بات چیت میں دونوں رہنمائوں نے پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت پراطمینان کااظہارکیااوردونوں ممالک کے درمیان تاریخی شراکت داری میں اضافہ کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات سے اتفاق کیا۔ دونوں رہنماوں نے تجارتی اوراقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اوردونوں ممالک کے درمیان ہموار تجارت اورسرمایہ کاری میں حائل رکاٹوں کے خاتمے پراتفاق کیا۔

دونوں رہنماوں نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ سطح کے وفد کے مفید دورہ پاکستان پراطمینان کااظہارکیااوربراہ راست، شفاف اورنظام الاوقات پرمبنی لائحہ عمل کے ذریعے پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ خصوصی تعلقات کو طویل المعیاد اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کااعادہ کیا۔ دونوں رہنماوں نے تجارت، سرمایہ کاری ، اقتصادی ترقی ، توانائی، بنیادی ڈھانچہ اورزراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اورشراکت داری میں اضافہ کیلئے جامع روڈمیپ کی تشکیل پر اتفاق ظاہرکیا تاکہ اقتصادی شراکت داری سے جلد فائدہ اٹھایا جا سکے۔

وزیراعظم عمران خان اورولی عہد شہزادہ محمد بن زید نے پاکستان یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن کا آئندہ اجلاس فروری 2019 ء میں ابوظہبی میں منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ، اس اجلاس کی صدارت دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ مشترکہ طور پرکرینگے۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے انعقاد اور زیرالتواء معاہدوں کو فاسٹ ٹریک پر حتمی شکل دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

دونوں رہنمائوں نے پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان جاری دفاعی اورسلامتی کے شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہارکیااور تربیت، مشترکہ مشقوں اوردفاعی پیداوار کے شعبوں میں مزید کام کرنے کے عزم کااظہارکیا۔ دونوں رہنمائوں نے یہ بات نوٹ کی کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان شراکت داری کا بنیادی عنصر علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر دونوں ممالک کا یکساں موقف ہے۔

انہوں نے اس یقین کامل کا اظہار کیا کہ برداشت، عدم مداخلت اور عوامی ترقی پر مبنی ایجنڈے پر توجہ مرکوز کرنے سے خطے میں پائیدار بنیادوں پر امن اور استحکام کا قیام ممکن ہو سکتا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے دہشتگردی کی تمام صورتوں اور مظاہر کی مذمت کی اور اس لعنت کے خاتمے کے لئے قریبی کام کرنے سے اتفاق کیا۔ ولی عہد نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں اور بے مثال قربانیوں کا اعتراف کیا۔

فریقین نے بین الاقوامی منظم جرائم بشمول منشیات کی سمگلنگ، منی لانڈرنگ اور انسانی سمگلنگ کے تدارک کے لئے تعاون کو فروغ دینے سے اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے بانی اور پہلے صدر شیخ زید بن سلطان النہیان کو شاندار خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے بصیرت افروز قیادت کے ذریعے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا اظہار کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستی کی بنیاد رکھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ شیخ زید بن سلطان النہیان پاکستان کے مخلص دوست تھے، وہ پاکستان اور پاکستان کے عوام سے بہت محبت رکھتے تھے، پاکستان کے عوام نے بھی اسی محبت کا جواب دیا، پاکستان کے عوام شیخ زید بن سلطان النہیان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے برداشت، اقتصادی ترقی اور نوجوانوں و خواتین کو بااختیار بنانے کے ضمن میں متحدہ عرب امارات کی کامیابیوں کو سراہا۔

انہوں نے خاص طور پر سیاحت اور گورننس کی بہتری کے لئے بہترین ٹیکنالوجی کے استعمال کے ضمن میں متحدہ عرب امارات کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ’’ پاکستان اسسٹنس پروگرام‘‘ کے ذریعے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے متحدہ عرب امارات کے مسلسل تعاون پر متحدہ عرب امارات اور اماراتی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص پاکستان میں پولیو کے انسداد کے لئے تعاون پر شیخ محمد بن زید النہیان سے اظہار تشکر کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کو اپنی حکومت کے عوامی فلاح پر مبنی اصلاحاتی ایجنڈے جس میںکرپشن کا خاتمہ، شفافیت کا فروغ اور تمام حکومتی سطح پر احتساب کو یقینی بنانا شامل ہے کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے ایکسپو 2020میں موثر طریقے سے شرکت اور اس میگا ایونٹ کو شاندار طور پر کامیاب بنانے کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، اس ضمن میں پاکستان نے ایکسپو 2020کو کامیاب بنانے کے لئے یو اے ای کو آئی ٹی ماہرین اور ہنر مند افرادی قوت کی خدمات کی پیشکش کی۔

متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی ماہرین، ہنرمند اور غیرہنرمند افرادی قوت کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے دونوں فریقوں نے لیبر سے متعلق تمام امور میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا حالیہ مہینوں میں متحدہ عرب امارات کا یہ دوسرا دورہ ہے، یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان خصوصی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کر رہا ہے جو باہمی اخوت و بھائی چارے، اعتماد اور تہذیبی، مذہبی، ثقافتی اور اقتصادی بنیادوں پر استوار ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے پرتپاک خیرمقدم اور میزبانی پر متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شیخ محمد بن زید النہیان کو مناسب وقت پر دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ شیخ محمد بن زید النہیان نے اس دورہ کی دعوت قبول کر لی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات