پنجاب کی جیلوں میں مختلف انتظامی و حفاظتی امورکو مزید مستحکم بنانے کیلئے جدید اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں‘ آئی جی جیل خانہ جات

اتوار 18 نومبر 2018 23:00

فیصل آباد ۔18نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ نے کہا ہے کہ پنجاب کی جیلوں میں مختلف انتظامی و حفاظتی امورکو مزید مستحکم بنانے کیلئے ہمہ نوعیت کی جدید اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں جن کے تحت سنٹرل کنٹرول سسٹم قائم کیا جارہا ہے جس کے ذریعے پنجاب کی تمام جیلوں کے انتظامی و حفاظتی امور کو ایک ہی مرکز پر مانیٹر کیا جا سکے گا ۔

انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ جیل کی انسپکشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات عبدالرئوف رانا ‘ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل شیخ افضل جاوید اور دیگر جیل افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ آئی جی جیل خانہ جات نے بتایا کہ قیدیوں کا ڈیٹا مرتب کرنے کیلئے پرزنرز مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کا ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں تجرباتی طور پر اطلاق کیا گیا ہے اس سسٹم کا دائرہ عنقریب پنجاب کی تمام جیلوں تک وسیع کر دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اس سسٹم میں قیدیوں کے فنگرز پرنٹس سمیت تمام کوائف ریکارڈ ہوں گے جس کے ذریعے کسی جیل میں بند قیدی سے متعلقہ تمام معلومات اور تفصیلات حاصل کی جا سکتی ہیں ۔آئی جی خانہ جات نے بتایا کہ پنجاب کی چار جیلوں میں فیملی رومز تعمیر کئے گئے جن میں 10 سال سے یا اس سے زیادہ عرصہ قید کی سزا بھگتنے والے قیدیوں کو ان کے بیوی بچوں سے ہر تین ماہ بعد ملاقات کرائی جائے گی جس پر ضروری قواعد و صوابط ‘ شرائط اور قوانین سازی کے بعد عملدرآمد شروع ہو جائے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی 42 جیلوں کی انتظامی و حفاظتی امور میں اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے اور عدم موجود باقی تین اضلاع میں بھی جیلیں تعمیر کرنے کیلئے اقدمات کئے جارہے ہیں ۔ آئی جی پنجاب نے قیدیوں کی فلاح و بہبود اور اصلاح کے پروگرامز کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں لٹریسی سنٹرز کے قیام کے علاوہ مذہبی و عصری تعلیم اور پیشہ وارانہ فنون کے کورسز کرائے جارہے ہیں اور تعلیمی ڈگریاں حاصل کرنے والے قیدیوں کی سزا میں خصوصی معافی بھی دی جارہی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ریکارڈ کے مطابق اس وقت صرف پانچ فیصد قیدی دوبارہ جیلوں میں آتے ہیں اور یہ تناسب کم سے کم کرنے کی مزید کوششیں کی جارہی ہیں جو کہ اصلاحی و تعلیمی پروگرام کا ثمر ہے جس کی بدولت قیدیوں کی اصلاح ہوتی ہے اور وہ اچھے شہری کی حیثیت سے زندگی بسر کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جیل سٹاف کے سکیلز کی اپ گریڈیشن اور انکی ترقیوں کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ عیدمیلادالنبیؐ کے حوالے سے پنجاب بھر کی جیلوں میں محافل میلاد و دیگر تقریبات کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔