ن لیگ کی خاموشی پر ایاز میر کا ہیمنت کمار کے گانے کا حوالہ

جہاں اسٹیبلشمنٹ اور منتخب حکومت ایک پیج پر وہاں ن لیگ کی وہ گن گرج کی جو توپیں تھیں وہ بالکل چپ سادھے ہوئے ہیں، جیسے ہیمنت کمارکا گانا ” نہیں اداس نہیں، بس ایک چپ سی لگی ہے“، اب میڈیا بھی تھوڑا سہما سہما ہے، پہلے جیسا نہیں ہے۔سینئر تجزیہ کار ایاز میر کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 19 نومبر 2018 00:06

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 نومبر 2018ء) سینئر تجزیہ کار ایاز میرنے کہا ہے کہ ن لیگ کی وہ گن گرج کی توپیں تھیں وہ بالکل چپ سادھے ہوئے ہیں۔جیسے ہیمنت کمار کا گانا ہے ”نہیں اداس نہیں، بس ایک چپ سی لگی ہے“ اب میڈیا بھی تھوڑا سہما سہما ہے، پہلے جیسا نہیں ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئی ایم ایف کے پروگرام میں جا رہے ہیں، اس میں سختی اور نرمی کتنی ہے؟ اب آئی ایم ایف کے ساتھ شرائط پر اسد عمر کی بات بھی ہورہی ہے۔

اسد عمر جب کہتے ہیں کہ ہمارا مالی بحران ختم ہوگیا ہے تو صرف چین یا یواے ای یا پھر سعودی عرب سے ملنے والی امداد کا نہیں کہتے بلکہ آئی ایم ایف کا قرض بھی شامل کرکے کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہمیت اس بات کی ہے متحدہ عرب امارات میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ آرمی چیف بھی دورے پر گئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم اب ہمیں یہ معلوم نہیں کہ ہمیں متحدہ عرب امارات سے کیا ملتا ہے؟ یہ باتیں کل رات تک پتہ چلیں گی کہ ہمیں کتنے پیسے ملنے ہیں یا نہیں ملنے ہیں؟ یہ بعد کی باتیں ہیں۔

آرمی چیف دورے پر گئے ہیں۔یہ بات اس چیز کی نشاندہی کرتی ہے کہ پچھلے 33 سالوں میں پہلی بار اسٹیبلشمنٹ اور منتخب حکومت ایک ہی جگہ اور ایک ہی طرف منہ کرکے کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب سے دسمبر1985ء میں جونیجو وزیراعظم بنائے گئے تھے تب سے لیکر آج تک اسٹیبلشمنٹ اور منتخب حکومت میں ہم آہنگی نہیں رہی۔ بلکہ ہمیشہ معاملات خراب رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہماری پالیسی جو ہے اس کے تناظر میں توقع ہے ۔

تاہم سعودی عرب اور یواے ای کے ساتھ ہم کھڑے ہیں۔ ایاز میر نے کہا کہ اس کے ساتھ ایک چیز اور ملا لیں کہ ن لیگ کی وہ گن گرج کی توپیں تھیں وہ بالکل چپ سادھے ہوئے ہیں۔نہیں اداس ،نہیں بس ایک چپ سی لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب میڈیا بھی تھوڑا سہما سہما ہے، پہلے جیسا نہیں ہے۔