سندھ تھیٹر فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں سیکرٹری سندھ کلچر اور دیگر سماجی و ادبی شخصیات کی شرکت

پیر 19 نومبر 2018 00:00

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) محکمہ ثقافت سندھ کے تعاون سے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری سندھ تھیٹر فیسٹیول کی اختتامی تقریب آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری سندھ کلچر اکبر لغاری، ڈائریکٹر سہیل ملک اور ایم پی اے قاسم سومرو سمیت معروف سماجی اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان میں جاری سندھ تھیٹر فیسٹیول ایک کامیاب فیسٹیول رہا، پہلے مرحلے میں ہم نے 18 ڈرامے پیش کرنا تھے لیکن تھیٹر کے لئے تمام پاسز پہلے دور وز میں ہی ختم ہو گئے جس کے بعد سندھ کلچر بورڈ اور ہم نے طے کیا کہ ہر ناٹک کے دو شوز ہوں گے یوں تیسرے سندھ تھیٹر فیسٹیول میں 36 شو پیش کئے گئے اور اس کا کریڈٹ محکمہ ثقافت سندھ کے ساتھ ساتھ وزیر ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ کو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اس طرح کے ثقافتی پروگرام کرواتا رہے گا، سندھ تھیٹر فیسٹیول پاکستان کا واحد تھیٹر فیسٹیول ہے جسے عوام بغیر کسی ادائیگی کے مفت میں دیکھتے ہیں۔ انہوں نے آرٹس کونسل میں ہونے والی گیارہویں عالمی اردو کانفرنس کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی سب سے بڑی اردو کانفرنس ہوتی ہے۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے سیکرٹری کلچرل سندھ غلام اکبر لغاری اور قاسم سومرو کو گلدستہ پیش کیا جبکہ اکبر لغاری نے محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے محمد احمد شاہ اور قاسم سومرو کو اجرک پہنائی۔

متعلقہ عنوان :