سات رکنی جے آئی ٹی نے ایس پی طاہر داوڑ قتل کیس کی تحقیقات کیلئے باقاعدہ کام شروع کردیا،سیف سٹی کیمروں کا ریکارڈ طلب

پیر 19 نومبر 2018 00:50

اسلام آباد۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے بنائی گئی سات رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے ایس پی طاہر داوڑ قتل کیس کی تحقیقات کیلئے باقاعدہ کام شروع کردیا ہے اور کیس سے متعلق سیف سٹی کیمروں کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع نے اتوار کو کہا کہ ایس پی گلفام ناصر ٹیم کی سربراہی کررہے ہیں جس میں شالیمار سرکل کے ایس ڈی پی او،کرائم انویسٹی گیشن ٹیم کے ایک ڈی ایس پی،آئی ایس آئی، ایم آئی بی کا ایک ایک نمائندہ اور کیس کے تفتیشی افسر شامل ہیں۔

جے آئی ٹی اے ٹی اے 1997ء کے سیکشن 19 کے تحت بنائی گئی ہے جو اپنی تحقیقات مکمل کرکے مخصوص وقت میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ذرائع نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی شہید ایس پی کے اہل خانہ اور بھائی سے بھی رابطہ کرکے ان سے قریبی رابطہ رکھنے اور ان کے گھر آنے جانے والے افراد کے حوالے سے معلومات حاصل کرے گی۔ جے آئی ٹی نے سیف سٹی پراجیکٹ کے حکام سے کہا ہے کہ سیکٹر جی11 اور ایف 10 میں کیمروں کا ریکارڈ اور گزشتہ ماہ کے آخری سات دنوں کے دوران شہر کے داخلی و خارجی راستوں کا تصویری ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے۔