سوشل میڈیا نے ایک اور جوڑی بنا دی

امریکی خاتون لاہور کے رہائشی نوجوان کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچ گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 19 نومبر 2018 11:40

سوشل میڈیا نے ایک اور جوڑی بنا دی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2018ء) : سوشل میڈیا پر دنیا بھر کے لوگ ایک دوسرے سے صرف ایک بٹن دبا کر ہی رابطہ کر سکتے ہیں۔سوشل میڈیا کی وجہ سے جہاں دنیا بھر میں ہزاروں میل دور بسنے والئے لوگ دوست بنے وہیں کچھ لوگوں کو اسی سوشل میڈیا کےذریعےاپنی محبت بھی مل گئی۔ حال ہی میں ایک امریکی خاتون پاکستانی لڑکے کی محبت میں گرفتار ہو کر سیالکوٹ پہنچی تھی جسے میڈیا نے خوب کوریج دی تاہم اب امریکہ کی ایک اور خاتون لاہور کے رہائشی لڑکے کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچ گئی اور دونوں نے شادی کر لی۔

تفصیلات کے مطابق 23 سالہ محسن اور 19 سالہ ماریہ انجیلا کی سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر دوستی ہوئی، لیککن کچھ ہی عرصے کے بعد یہ دوستی پیار میں بدل گئی۔ محسن کی محبت میں گرفتار ہو کر 19 سالہ ماریہ انجیلا ہزاروں میل کا سفر طے کر کے لاہور پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

محسن نے بتایا کہ ایک دو دن ہم نے ایک دوسرے سے ہیلو ہائے کیا، ہماری آپس میں بات چیت ہوتی رہی،کچھ ہی دن بعد میں ان کو پروپوز کر دیا۔

میں نے ان سے کہا کہ میں آپ کو پسند کرتا ہوں اور آپ سے شادی کرنا چاہتا ہوں جس پر ان کی طرف سے بھی مجھے مثبت رد عمل ملا اور یہ شادی پر رضامند ہو گئیں۔ شادی کے موقع پر دلہا دلہن کی خوشی دیدنی تھی ۔ امریکی خاتون نے مغربی ہونے کے باوجود مشرقی روایات کے مطابق ہار سنگھار کیا۔ ماریہ نے کہا کہ ہماری کچھ ہی عرصہ قبل سوشل میڈیا پر بات ہوئی جس کے بعد فون کالز کا سلسلہ شروع ہوا اور انہوں نے مجھے شادی کی پیشکش کر دی۔ ماریہ کا کہنا ہے کہ میں اس شادی سے بے حد خوش ہوں اور جلد ہی اپنے محسن کو امریکہ لے جانا چاہتی ہوں۔ محسن اور ماریہ کی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں نے بھی نئے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔