حاجی عبدالوہاب ؒ پوری امت مسلمہ کی بھلائی اور خیر خواہی کا درد رکھنے والے انسان تھے‘مقررین کا تعزیتی ریفرنس سے خطاب

حاجی عبدالوہاب عالم اسلام کا عظیم سرمایہ تھے‘ وہ دعوت و تبلیغ کی عالمی فکر کے امین اور فناء فی تبلیغ تھے‘ ان کی وفات پر پورا عالم اسلام مغموم ہے

پیر 19 نومبر 2018 12:40

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سر پرست اعلیٰ پیر سیف الرحمن درخواستی ، وفاق المدارس العربیہ ضلع راجن پور کے کنونیئر مولانا عبدالصمد درخواستی ، جمعیت علماء اسلام ضلع راجن پور کے امیر قاری عتیق الرحمن ارشد ، جامعہ شیخ درخواستی کے نائب مہتمم ، صاحبزادہ رحمت الرحمن درخواستی نے امیر تبلیغی جماعت حضرت حاجی عبدالوہاب ؒ کے انتقال پر جامعہ شیخ درخواستی راجن پور میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حاجی عبدالوہاب ؒ پوری امت مسلمہ کی بھلائی اور خیر خواہی کا درد رکھنے والے انسان تھے ۔

انہوں نے عمر بھر کسی انسان کو تکلیف نہیں پہنچائی بلکہ خیر ہی بانٹتے رہے وہ اپنے عہد میں انسانیت کے سب سے بڑے خیر خواہ تھے۔

(جاری ہے)

پیر سیف الرحمن درخواستی نے کہا کہ حاجی صاحب نے تمام دینی قوتوں کی سر پرستی فرمائی خاص طور پر جمعیت علماء اسلام اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور رد قادیانیت کی جدو جہد کرنے والی جماعتوں اور شخصیات کی حوصلہ افزائی فرماتے ۔

مولانا عبدالصمد درخواستی نے کہا کہ حاجی عبدالوہاب عالم اسلام کا عظیم سرمایہ تھے ۔ وہ دعوت و تبلیغ کی عالمی فکر کے امین اور فناء فی تبلیغ تھے ۔ ان کی وفات پر پورا عالم اسلام مغموم ہے ۔ اب مسلمانوں کو ان کا مشن جاری رکھنا ہوگا۔ قاری عتیق الرحمن ارشد نے کہا وہ عالم اسلام کی عظیم شخصیت دعوت و تبلیغ کے امیر و قائد تھے ۔ وہ دین اسلام کے داعی تھے ۔ آخر میں پیر سیف الرحمن درخواستی نے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرائی ۔

متعلقہ عنوان :