میانمارکی فوج نہتے عوام پر انتہائی مظالم ڈھا رہی ہے جن کا تدارک کیا جانا چاہیے‘سپیکر قانون ساز اسمبلی

اقوام متحدہ میں صرف قرارداد ہا کا پاس ہونا اور عملدرآمد نہ ہونا قابل افسوس ہے جس کا تدارک عالمی طاقتوں کو کرنا چاہیے‘شاہ غلام قادر

پیر 19 نومبر 2018 12:40

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) اقوام متحدہ کا ادارہ بین الاقوامی حیثیت کا حامل ہے، اس میں پاس ہونے والی قراردادہا کو تسلیم کیا جا نا چاہیے۔صرف قرارداد ہا کا پاس ہونا اور عملدرآمد نہ ہونا قابل افسوس ہے جس کا تدارک عالمی طاقتوں کو کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے اپنے بیان میں کیا۔

اُنہوں نے اقوام متحدہ کے ادارہ میں قائم انسانی حقوق کمیٹی کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کی میانمار فوج کی جانب سے مسلسل پامالی پر مذمتی قرارداد جو 10کے مقابلہ میں 142ووٹوں سے منظور ہوئی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارہ کو اس پر عمل درآمد کروانا چاہیے۔

(جاری ہے)

میانمارکی فوج نہتے عوام پر انتہائی مظالم ڈھا رہی ہے جن کا تدارک کیا جانا چاہیے۔

اگر قرارداد پاس ہونے کے بعد عملدرآمد نہ ہو تو اقوام متحدہ کے ادارے کی حیثیت مشکوک ہو کر رہ جاتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے خلاف انتہائی مظالم ڈھا رہا ہے۔ اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کر چُکا ہے۔ اقوام متحدہ انسانی حقوق کا ادارہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام پر افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت میں قراردادہا منظور کرے اور عملدرآمد کر کے ان علاقوں کے عوام کو آزادی کا حق دلوانے کا کردار ادا کرے تا کہ عالمی ادارے کی حیثیت نمایاں طور پر قائم ہو سکے۔