اشیائے خوردنی کو ملاوٹ مافیا سے پاک کرنے کیلئے گرینڈ آپریشن پوری قانونی قوت سے جاری

پیر 19 نومبر 2018 14:37

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلع کو اشیائے خوردنی میں ملاوٹ مافیا سے پاک کرنے کے لئے گرینڈ آپریشن پوری قانونی قوت سے جاری رکھا جائیگا اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کا قلع قمع کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزازشت نہیں کرینگے ۔یہ بات ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی پنجاب فیصل ۱ٓباد کے ترجمان نے بتایاکہ کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کے گھنائونے فعل میں ملوث عناصر کی بیخ کنی کے لئے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے اس ضمن میں ملاوٹی اشیاء تیار کرنے والی فیکٹریوں وٹھکانوں کا سراغ لگانے میں سول سوسائٹی کی معاونت کے لئے وسیع آگہی مہم بھی شروع کی جارہی ہے ۔

انہوں نے انسانی صحت سے کھیلنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ رورل ایریاز میں بھی کھانے پینے کی اشیاء تیار وفروخت کے دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کرنے کی تاکید کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مختلف فوڈ پراڈکٹس تیار وفروخت کرنے والوں سے بھی میٹنگ کرکے انہیں حفظان صحت کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا پابند بنایا جا رہا ہے اور عدم تعمیل کے مرتکب عناصر کوگرفت میں لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ملاوٹ مافیا کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لئے گرینڈ آپریشن جاری ہے اور ایسے عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے مقدمات کی مئوثرپیروی کی جارہی ہے ۔