جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کی 23کشمیری نظربند وں کو ہریانہ کی جیل میں منتقل کرنے کی مذمت

پیر 19 نومبر 2018 14:48

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجماعت اسلامی نے جموں کی کوٹ بھلوال اور کٹھوعہ جیلوں سی23کشمیری نظربندوں کو بھارتی ریاست ہریانہ کی جیلوں میں منتقل کر نے شدید مذمت کی ہے ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںاس اقدام کو ظالمانہ قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سیاسی قیدیوں کے اہلخانہ کے لیے ملاقاتوں میں سہولت اور قیدیوں کے خلاف وادی کشمیر کی عدالتوں میں زیر التوا کیسوں کو جلد نمٹانے کے لئے انہیں واپس وادی کی جیلوں میں منتقل کیا جائے۔

ترجمان نے کہاکہ عدالت عالیہ نے بہت پہلے فیصلہ دیا ہے کہ قیدیوں کو جموںوکشمیر سے باہر کی جیلوں میں منتقل کرناان کے حقوق کی خلاف ورزی ہے لیکن گورنر انتظامیہ نے عدالت عالیہ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی قیدیوں کو باہر کی جیلوں میں منتقل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی نے افسوس کا اظہارکیاکہ ان قیدیوں کے علاوہ دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربند دختران ملت کی خواتین رہنمائوں آسیہ اندرابی، ناہیدہ نصرین اور فہمیدہ صوفی سمیت متعدد سیاسی قیدیوں کو جموںوکشمیر سے باہر کی جیلوں میں نظربند رکھا گیا ہے جبکہ ان کے خلاف وادی کے تھانوں میں کیس درج کئے گئے ہیں اور ان کے کیسوں کی سماعت وادی کی عدالتوں میں ہونی چاہیے تھی لیکن سیاسی انتقام کی پالیسی کے تحت ا ن کے کیسوں کی سماعت دہلی میں این آئی اے کی عدالتیں کررہی ہیں جوبنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

جماعت اسلامی نے 23کشمیری نظربندوں کو واپس وادی کی جیلوں میں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔