حکومت پنجاب نے آئی ایل او کے تعاون سے شرح خواندگی میں اضافہ کیلئے صنعتی ورکرز کی تعلیم کے پروگرام کاآغاز کر دیا

پیر 19 نومبر 2018 15:11

حکومت پنجاب نے آئی ایل او کے تعاون سے شرح خواندگی میں اضافہ کیلئے صنعتی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) حکومت پنجاب نے آئی ایل او کے تعاون سے شرح خواندگی میں اضافہ کیلئے صنعتی ورکرز کی تعلیم کے پروگرام کا آغاز کر دیا ہے جس سے صنعتی مزدوروں میں شرح خواندگی کو بہتر بنانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع نے بتایاکہ پاکستان میں اس وقت شرح خواندگی 60 فیصد ہے جو خطے کے دیگر ممالک ما سوائے بنگلہ دیش کے سب سے کم ہے۔

انہوںنے بتایاکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تعلیم کی ذمہ داری بھی صوبوں کے پاس آگئی ہوئی ہے چنانچہ اس ضمن میں حکومت پنجاب صوبے میں شرح خواندگی میں اضافے کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں کل آبادی میں سے 35 ملین ناخواندہ ہے جس میں 28 ملین بالغ افراد بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب مختلف بین الاقوامی اداروں کی معاونت سے صوبے میں شرح خواندگی کے 88 فیصد ٹارگٹ کو حاصل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے جو 2018 ء میں حاصل کیا جانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب آئی ایل او کے تعاون سے فیصل آباد کے مختلف صنعتی علاقوں میںمزید لٹریسی سنٹرز کھولے گی تا کہ صنعتی مزدوروں کو بنیادی تعلیم کی فراہمی کے بعد قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے اور ملکی خواندگی میں اضافہ ہو۔