ممبئی حملوں میں ملوث اجمل قصاب بھارتی شہری نکلا

اجمل قصاب کو اُتر پردیش کا ڈومیسائل جاری کیا گیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 19 نومبر 2018 14:16

ممبئی حملوں میں ملوث اجمل قصاب بھارتی شہری نکلا
ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2018ء) : ممبئی حملہ کیس میں ملوث اجمل قصاب کے بھارتی شہری ہونے کا انکشاف سامنے آیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اُترپردیش کے ضلع اورایا کی تحصیل بدھونا کے ریکارڈ کے مطابق اجمل قصاب کو ڈومیسائل جاری کیا گیا تھا۔ واقعہ کا نوٹس لینے کے بعد ابتدائی تحقیقات کے دوران اس کا ڈومیسائل منسوخ کیا گیا، اور اس کی تحقیقات کا حکم دینے سے قبل ہی متعلقہ ریونیو افسر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

بھارتی افسر پرویندرا کُمار نے کیس کی تفتیش کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ نامعلوم افراد کی جانب سے جعلی دستاویزات جمع کروانے پر اجمل قصاب کا ڈومیسائل جاری کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ نامعلوم افراد نے تحصیل بدھونا میں دہشتگرد اجمل قصاب کی تصویر کے ساتھ اکتوبرمیں ڈومیسائل کے لیے درخواست جمع کروائی،جس کے بعد متعلقہ حکام نے دستاویزات اور کوائف کی تصدیق کیے بغیر ہی 21 اکتوبر کو ڈومیسائل جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

ان ڈومیسائل میں اجمل قصاب کی جائے پیدائش بدھونا تحصیل درج ہے، ڈومیسائل میں اجمل قصاب کے والد کا نام محمد عامر جبکہ والدہ کا نام ممتاز بیگم درج ہے۔ اس سرٹیفیکیٹ کا رجسٹریشن نمبر 181620020060722 ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔بھارتی افسر نے بتایا کہ ہم نے دستاویزات کی درج معلومات میں اختلاف پر ہم نے تحصیل آفس سے معلومات کی تصدیق کرنے کی کوشش کی جس پر ہمیں معلوم ہوا کہ یہ ڈومیسائل سرٹیفیکٹ جعلی ہے۔ ہماری درخواست پر نیشنل انفارمیٹکس سینٹر نے ڈومیسائل سرٹیفیکیٹ کی تنسیخ کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اُس متعلقہ افسر کو بھی معطل کر دیا ہے جس کی ہدایت پر یہ ڈومیسائل سرٹیفیہکٹ جاری کیا گیا تھا۔