آئی ایم ایف کا ڈالر 150روپے اور شرح سود میں اضافہ کا مطالبہ تشویشناک ہے‘راجہ عدیل

شرح سود میں اضافہ سے تجارتی سرگرمیاں متاثر ہونگی ،قرضوں کے عوض شرائط کو مسترد کردیا جائے‘سینئر نائب صدر لوہا مارکیٹ شہید گنج

پیر 19 نومبر 2018 15:36

آئی ایم ایف کا ڈالر 150روپے اور شرح سود میں اضافہ کا مطالبہ تشویشناک ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) تاجر رہنما انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدرراجہ عدیل و سابق ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے آئی ایم ایف کی طرف سے ڈالر150روپے تک اور شرح سود میں اضافہ کے مطالبات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ سے ملکی قرضوں میں اربوں ڈالر کے اضافہ کے ساتھ ساتھ ملک میں ہوشربا مہنگائی جنم لے گی ڈالر کی قیمت بڑھنے سے صنعتوں میں استعمال ہونے والادرآمدی صنعتی خام مال مہنگا ہونے سے صنعتی شعبہ پر مالی بوجھ پڑھے گا اور اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے ملکی برآمدات کمی کا شکار ہونگی اور زرمبادلہ کے ذخائر متاثر ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوںنے شہید گنج کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

راجہ عدیل اشفا ق نے کہا کہ شرح سود میں اضافہ سے صنعتی مقاصد کیلئے حاصل کیے گئے قرضوں کامارک اپ بڑھے گا جس سے صنعتکار طبقہ متاثر ہوگا نیز شرح سود میں اضافہ سے عوام کاروبار میں رقم لگانے کی بجائے بینکوں میں رقم جمع کروانے کو ترجیح دینگے جس سے انہیں محفوظ منافع ملے گا اس لیے لوگ کاروبار کی بجائے بینکوں میں رقم رکھیں گے جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثرہونگی اس لیے قرضوں کے عوض آئی ایم ایف کی شرائط مسترد کردی جائیں کیونکہ یہ ملکی مفاد کے خلاف اور ملکی معیشت کو متاثر کرینگی۔