ایران نے پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی تیاری کر لی

اس معاملے میں پاکستانی حکام سے بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔ وزیر داخلہ ایران

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 19 نومبر 2018 15:20

ایران نے پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی تیاری کر لی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2018ء) : ایران نے پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کرنے کی تیاری کر لی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق بارڈر سکیورٹی کے حوالے سے منعقد کی جانے والی ایک کانفرنس میں یہ موقف اپنایا گیا کہ ہمسایہ ممالک میں دہشتگردوں کی موجودگی تک ایران کا بارڈر مکمل طور پر محفوظ نہیں ہو سکتا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔

ایران کے وزیر داخلہ ایبڈولریزا رحمانی فاضلی کا کہنا ہے کہ ایران بارڈر پر سکیورٹی کو مزید سخت اور فول پروف کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر اقدامات کرنے پر آمادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد سرحدوں کو دہشتگردوں سے محفوظ بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں پاکستانی حکام سے بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں دہشتگردی کے خاتمے اور ملک کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستانی حکومت کسی وجہ سے ہمارا ساتھ نہیں دے سکی تو ایران پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ہمارے پاس اتنی طاقت ہے کہ ہم سرحد پار دہشتگردوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے وزیر داخلہ نے پاکستان میں ان کیمپس کی طرف اشارہ کیا جو دہشتگردوں کی آماجگاہیں ہیں اور جنہوں نے ایران کی بارڈر سکیورٹی کے اہلکاروں کو اغوا کرنے اور انہیں مارنے کی ذمہ داری بھی قبول کی۔

اسٹریٹجک لوکیشن پر واقع ہونے کے باعث ایران کو دہشتگرد حملوں کی دھمکیوں اور بڑی تعداد میں منشیات اسمگلنگ جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ یہ تمام نقل و حرکت مبینہ طور پر پاکستان اور افغانستان سے ہوتی ہے۔ اب تک تقریباً چار ہزار ایرانی جوانوں نے منشیات اسمگلنگ کی روک تھام اور دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے کئی مرتبہ ایران کے سکیورٹی اہلکاروں کو اغوا کیا۔