ابوظہبی ٹیسٹ:پاکستانی بلے بازو ں نے جیت کے منہ سے شکست چھین لی

کیویز سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4رنز سے کامیاب

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 19 نومبر 2018 15:29

ابوظہبی ٹیسٹ:پاکستانی بلے بازو ں نے جیت کے منہ سے شکست چھین لی
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19نومبر2018ء) تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو4رنز سے شکست دیدی ہے ۔ ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 37 رنز بغیر کسی نقصان کے اننگز کا آغاز کیا تو کیویز باﺅلرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔اوپننگ بلے باز امام الحق 40 کے مجموعی سکور پر 27 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ بھی 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

اوپننگ بلے بازوں کے آﺅٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے حارث سہیل بھی کریز پر زیادہ دیر کھڑے نہ ہوسکے اور 4 رنز بنانے کے بعد کیچ آﺅٹ ہوئے۔اسد شفیق اور اظہر علی نے چوتھی وکٹ کے لیے 82رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد اسد شفیق45رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ، بابر اعظم بھی صرف 13رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے ،کپتان سرفرا ز احمد ایک بار پھر ذمہ درانہ اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 3رنز بنا کر پوویلین لو ٹ گئے ، بلال آصف بھی صفر کی خفت سے دوچار ہوکر پوویلین لوٹے،یاسر شاہ بھی بغیر کوئی رن بنائے نیل ویگنر کی دوسری وکٹ بنے ،حسن علی میچ جلدی ختم کرنے کیلئے چھکا لگانے کی کوشش کرتے ہوئے آﺅٹ ہوگئے ،اظہر علی آﺅٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جو62رنز بنا کر اعجاز پٹیل کی آخری وکٹ بنے اور پوری قومی ٹیم 171رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کھیل کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور پاکستان کو جیت کیلئے 175 رنز کا ہدف ملا۔ کیویز نے تیسرے روز کھیل کا آغاز 56 رنز ایک کھلاڑی آﺅٹ سے دوبارہ کیا تو کپتان کین ولیمسن 27 اور جیت راول 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔دونوں بلے باز محتاط انداز اپناتے ہوئے سکور کو آگے بڑھاتے رہے تاہم 86 کے مجموعے پر ولیمسن یاسر شاہ کا شکار بن گئے، وہ 37 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔

اوپننگ بلے باز جیت راول اور روس ٹیلر نے بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن ٹیلر کی اننگز 19 رنز تک ہی محدود رہی جنہیں حسن علی نے آﺅٹ کیا۔پاکستانی باﺅلروں کےخلاف مزاحمت کرنےوالے اجیت راول بھی 46 رنز پر ہمت ہار گئے، پانچویں وکٹ پر ہنری نکولس اور بی جے واٹلنگ نے ذمہ دارانہ انداز اپنایا اور 112 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 220 کے مجموعی سکور پر نکولس 55 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے جسکے بعد نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑاگئی۔

یاسر شاہ نے گرینڈ ہوم کو 3، واٹلنگ کو 59 اور ویگنر کو صفر پر آﺅٹ کیا۔ سودھی 18 اور ٹرینٹ بولڈ بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کا شکار بنے، پاکستان کی جانب سے حسن علی اور یاسر شاہ نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5، 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے 175 رنز کی سبقت حاصل کی اور پاکستان کو جیت کیلئے 176 رنز کا ہدف دیا ہے۔کیویز کی جانب سے دوسری اننگز میں واٹلنگ 59، نکولس 55 اور راول 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جسکے بعد قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں بابر اعظم کی نصف سنچری کی بدولت 227 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کو نیوزی لینڈ کےخلاف آٹھ سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت کا انتظار ہے، 2011 ءمیں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے شکست دی تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان چار سال پہلے امارات میں ہونےوالی ٹیسٹ سیریز1-1سے برابر رہی تھی۔