لوئر کوہستان پولیس کا بھنگ کاشت کرنے والے کاشتکاروں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری

پیر 19 نومبر 2018 16:18

کوہستان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) لوئر کوہستان پولیس کا بھنگ تلفی سمیت بھنگ کاشت کرنے والے کاشتکاروں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ ڈی پی او لوئر کوہستان محمد سلیمان خان کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد ریاض خان اور ڈی ایس پی سرکل اورنگزیب خان کی سربراہی میں ایس ایچ او پٹن خلیل الرحمن خان نے ایلیٹ فورس، دفتری سٹاف، انوسٹی گیشن سٹاف، لیڈی کانسٹیبلان سمیت پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او لوئر کوہستان کی ہدایت پر ڈی ایس پیز نے 7 گھنٹوں کی طویل اور دشوار گذار مسافت کے بعد شمال بوں شنگائی پٹن پہنچ کر زمینوں میں کاشت کی گئی بھنگ کو تلف کیا۔ اہلیان علاقہ نے پولیس کو بھنگ تلفی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ اس ناسور اور حرام چیز سے نوجوان نسل کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ ڈی ایس پی سرکل اورنگزیب خان نے کہا کہ لوئر کوہستان سے جرائم کا خاتمہ کر کے اسے ایک خوشحال اور پرامن ضلع بنایا جائے گا۔ ایس ایچ او پٹن خلیل الرحمن خان نے حسب ضابطہ کارروائی کر کے بھنگ کاشت کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں پابند سلاسل کر دیا۔

متعلقہ عنوان :