دوسری فضل محمود پی سی بی نیشنل کرکٹ چیمپئن شپ 2018ء کے مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گیا

کریسنٹ کرکٹ کلب اور احمر شاہ نے اپنے میچز جیت کر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا

پیر 19 نومبر 2018 16:24

دوسری فضل محمود پی سی بی نیشنل کرکٹ چیمپئن شپ 2018ء کے مزید دو میچوں کا ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) دوسری فضل محمود پی سی بی نیشنل کرکٹ چیمپئن شپ 2018ء کے مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔ کریسنٹ کرکٹ کلب نے الحبیب کلب کو جبکہ احمر شاہ نے ایبٹ آباد جمخانہ کو شکست دیکر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ نواں شہر کرکٹ سٹیڈیم ایبٹ آباد میں کھیلے جا رہے ٹورنامنٹ میں پہلا میچ کریسنٹ کرکٹ کلب اور الحبیب کلب کے مابین کھیلا گیا۔

الحبیب کلب کیلئے پہلے بیٹنگ کرنا انتہائی تباہ کن ثابت ہوا اور پوری ٹیم صرف 88 رنز پر ڈھیر ہو گئی، مصطفیٰ 19 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، اس کے علاوہ کوئی بھی اچھا کھیل پیش نہ کر سکا، کریسنٹ کلب کی طرف سے وسیم نے تین جبکہ فہیم نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں کریسنٹ کلب نے ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے میچ 8 وکٹ سے جیت لیا، حسنات نے ناقابل شکست 40 اور محمد احسن نے 33 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

دوسرا میچ احمر شاہ اور ایبٹ آباد جمخانہ کے مابین کھیلا گیا جس میں احمر شاہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 246 رنز بنائے، ابراہیم کی شاندار سنچری بھی اس میں شامل تھی۔ جواب میں ایبٹ آباد جمخانہ کی ٹیم 176 رنز تک محدود رہی، وقاص 35 اور عامر نے 29 رنز بنائے۔ احمر شاہ کی طرف سے نعیم گل نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ شہریار نے تین وکٹیں لیں۔ اس طرح احمر شاہ نے یہ میچ 70 رنز سے جیت لیا۔