آل ملیر ڈاکٹر محمد طاہر بلوچ فٹ بال یادگاری ٹورنامنٹ، صاحبداد محمڈن، ملیر محمڈن، اسلم الیون اور عمر اسٹار کوارٹر فائنل میں داخل

پیر 19 نومبر 2018 16:45

آل ملیر ڈاکٹر محمد طاہر بلوچ فٹ بال یادگاری ٹورنامنٹ، صاحبداد محمڈن، ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) سر اقبال فائونڈیشن کے تعاون سے ملیر محمڈن فٹ بال کلب کے زیر اہتمام آل ملیر ڈاکٹر محمد طاہر بلوچ یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پری کوارٹر فائنل میچز کے سلسلے میں صاحبداد محمڈن اور بلوچ اسٹار کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا میچ مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا جس کے بعد بذریعہ پنالٹی ککس صاحبداد محمڈن نے بلوچ اسٹار کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

پری کوارٹر فائنل سلسلے کے دوسرے میچ میں میزبان کلب ملیر محمڈن کا مقابلہ کھوکھراپار اسٹار سے ہوا جس میں ملیر محمڈن نے حسب روایت شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھوکھراپار نیشنل کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر آئوٹ کلاس کردیا۔

(جاری ہے)

ملیر محمڈن کے فہد نے دو جبکہ کیپٹن عارف نے ایک گول اسکور کیا۔ تیسرے میچ میںشائقین فٹ بال کو مشہور و معروف اسلم الیون اور ملیر ریڈ کی ٹیموں کا معرکہ دیکھنے کو ملا جس میں اسلم الیون نے سخت مقابلے کے بعد ملیر ریڈ کو ایک صفر سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

فاتح ٹیم کا واحد گول کھیل کے پہلے ہاف کے پندرہویں منٹ میں اسٹار فارورڈ رحیم نے اسکور کیا جبکہ ملیر ریڈ نے گول برابر کرنے کی انتھک کوشش کی لیکن کئی یقینی گول ضائع کئے اور ان کے فاورڈ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ ٹورنامنٹ کے سلسلے کا چوتھا پری کوارٹر فائنل میچ عمر اسٹار اور ملیر یونین کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جو مقررہ وقت تک برابر رہا اور بالآخر عمر اسٹار نے مضبوط حریف ملیر یونین کو پنالٹی ککس پر شکست دے دی اور اس طرح میزبان کلب ملیر محمڈن سمیت صاحبداد محمڈن، اسلم الیون اور عمر اسٹار کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں جس پر شائقین فٹ بال کو سخت مقابلوں کی توقع ہے جبکہ آج پہلے کوارٹر فائنل کا میدان گل بلوچ اور قذافی گرین کی ٹیمیں سجائیں گی۔

متعلقہ عنوان :