صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کا پاکستان ایئرہیڈکوارٹرز کا دورہ، پی اے ایف ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاکستان ایئرفورس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی

پیر 19 نومبر 2018 16:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے پیر کو پاکستان ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کیا۔ صدر آزادکشمیر کی پی اے ایف ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاکستان ایئر فورس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔

صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں چیف آف ایئر سٹاف نے صدر آزاد کشمیر کا پی اے ایف کے سینئر افسران سے تعارف کروایا۔ ملاقات کے دوران صدر نے ایئر چیف کو جموں وکشمیر کے مسئلے کے سفارتی اور سیاسی حل کے لئے آزادکشمیر حکومت کی ترجیحات اور کاوشوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے انہیں بتایا کہ گڈ گورننس کو یقینی بنانا اور تیز تر معاشی ترقی کے لئے اقدامات اٹھانا آزادکشمیر حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

صدر نے پیشہ وارانہ امور میں ایئر فورس کی بے مثال کارکردگی اور تکنیکی پلیٹ فارمز پر گرانقدر خدمات سرانجام دینے پر ایئر چیف کودلی مبارکباد پیش کی۔ صدر نے کہا کہ آزادکشمیر کے لوگ بحیثیت آفیسر، ایئرمین اور سویلین سٹاف پاکستان ایئر فورس میں شامل ہوتے ہیں اور بڑے فخر سے قوم کی خدمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے قوم کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے عالمی سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

ایئر چیف نے آزادکشمیر کی اقتصادی و سماجی ترقی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ برسوں میں پاکستان فضائیہ آزادکشمیر میں اپنے دائرہ کار کو مزید تقویت دیتے ہوئے لوگوں کی فلاح و بہبود میں بڑھ چڑھ کراپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔