امیر الدین میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس 2018-23سیشن کی افتتاحی تقریب

سفید اوور کوٹ زیب تن کر کے ملک و قوم کا نام روشن کرنے والوں کے والدین خوش نصیب ہیں‘پروفیسرز ادارے کا پہلا سیشن میڈیکل کی عملی زندگی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے‘پروفیسر طارق صلاح الدین کا تقریب سے خطاب

پیر 19 نومبر 2018 17:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس 2018-23سیشن کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی سابق پرنسپل و نیورو سرجن پروفیسر طارق صلاح الدین اور تقریب کی صدارت کر نے والے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و ادارے کے پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے خطاب کرتے ہوئے ان خوش نصیب طلبا و طالبات اور والدین کو مبارکباد دی ہے ،اپنے خطاب میں پروفیسر طارق صلاح الدین نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے درمیان امیر الدین میڈیکل کالج نے اپنا جو مقام بنایا ہے اُس کاکریڈٹ اس ادارے کے اساتذہ اور فارغ التحصیل ہونے والے اُن سٹوڈنٹس کے سر ہے جو اب اپنی میڈیکل کی تعلیم مکمل کر کے عملی میدان میں قدم رکھ چکے ہیں ۔

اس موقع پر ادارے کے فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر آغا شبیر علی ، پروفیسر غیاث النبی طیب، پروفیسر محمد معین ، پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر فوزیہ فرزانہ اور پروفیسر منیزہ سعید نے بھی تقریب میں اظہار خیال کیا۔پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ سفید اوور کوٹ زیب تن کر کے ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے سپوتوں کے والدین خوش نصیب ہیں ،لاکھوں کی تعداد میں لوگ اپنے بچوں کو اس پروفیشن میں بھیجنے کے خواہا ں ہیں۔

انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ بھی میڈیکل کی تعلیم مکمل کر کے گھر بیٹھنے کی بجائے ہسپتالوں میں خدمات سر انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے پروفیشن میں ڈاکٹروں کے پاس آنے والے مریض اللہ تعالیٰ کی امانت ہوتے ہیں جن کی بھرپور خدمت کر کے کوئی بھی شخص دنیاوی اور آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور معاشرے میں بہتری لانے کیلئے جذبے اور جنون کی ضرورت ہے اور ان نوجوانوں سے ملک و قوم کو بہت سی امیدیں وابستہ ہیں ۔

پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ محنت اور نیک نیتی کو شعاربنا کر ان تمام بچوں کو اپنے والدین کی امیدوں پر پور ااترنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ امیر الدین میڈیکل کالج میں بہترین فیکلٹی خدمات سر انجام دے رہی ہے جن کی پیشہ وارانہ مہارت کسی وضاحت کی محتاج نہیں ۔ تقریب کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل اے ایم سی و ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر طیب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صحت کے شعبے کیلئے نمایاں ترجیحات کا تعین کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 2012میں آغاز کرنے والے امیر الدین میڈیکل کالج کو منفرد مقام حاصل ہو چکا ہے اور وہ اس ادارے کی مستقبل میں بھی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ اس موقع پر ایم بی بی ایس کے افتتاحی سیشن میں طلبا و طالبات ، والدین اور مہمانوں کی کثیرتعداد موجود تھی جنہوں نے اس تقریب کے شاندار انعقاد کو سراہا ۔

متعلقہ عنوان :