نیب بلوچستان کے زیر اہتمام سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی میں واک کا انعقاد،

درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ افراد سمیت معاشرے کے تمام مکاتب ِ فکر کے لوگوں کو بد عنوانی کے خاتمے اور کرپشن فری پاکستان کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی، مقررین کا واک سے خطاب

پیر 19 نومبر 2018 17:32

نیب بلوچستان کے زیر اہتمام سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی میں واک ..
کوئٹہ۔19نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) قومی احتساب بیورو بلوچستان کے زیر اہتمام سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی میں آگاہی مہم کے حوالے سے واک کا انعقاد کیا گیا، سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر رخسانہ جبین، نیب بلوچستان کی ڈپٹی ڈائریکٹر طوبہ اسماء کی قیادت میں ہونے والی واک میں سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبرز، اساتذہ کرام اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

واک کے شرکا ء نے انسداد بد عنوانی کے موضوع کے حوالے سے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔ مقررین نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بد عنوانی کے عفریت کو معاشرے کے لئے انتہائی نقصان دہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کرپشن نے معاشرے کی خوبصورت اقدار ، تعلیمات اور روایات کے گلدستے کو بے زینت بنا دیا ہے۔ درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ افراد سمیت معاشرے کے تمام مکاتب ِ فکر کے لوگوں کو بد عنوانی کے خاتمے کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی، ایمانداری ، راست گوئی اور کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھانے ہونگے۔