0کلو میٹر گیس پائپ لائین کی تعمیر کیلئے ماہرین کا اجلاس

نارتھ ساوتھ گیس پائپ لائن منصوبہ بہت بڑا منصوبہ ہے،منصوبے کے ماحولیاتی، سماجی اثرات کو اہم ترجیح دی جائے، ،وزیر مملکت زرتاج گل وزیر

پیر 19 نومبر 2018 18:00

0کلو میٹر گیس پائپ لائین کی تعمیر کیلئے ماہرین کا اجلاس
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ حکومت ہر منصوبے میں ماحولیاتی تحفظ کو اہمیت دیگی اور اس سلسلے میں تمام قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائیگا وہ گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں ای ایم سی پاکستان کے تحت 800کلو میٹر گیس پائپ لائین منصوبے کے ماحولیاتی و سماجی اثرات پر ایک قومی اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔

اس موقع پر ای ایم سی پاکستان کے سی ای او سید ندیم عارف، سی او او آصف شجاع، جی ایم ثاقب اعجاز، ڈائریکڑ جنرل فاریسٹ ناصر محمود، ڈائریکڑ جنرل ماحولیاتی حکومت پاکستان، گیری پرسلی،وجاہت سندھو، شمس الحق میمن نے بھی خطاب کیا۔ زرتاج گل نے کہا کہ توانائی ہماری اہم ضرورت ہے اس منصوبے کو حکومت ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کریگی اور اسمیں ماحولیاتی مسائل اور سماجی مسائل کو مدنظر رکھا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نارتھ ساوتھ گیس پائپ لائن منصوبہ بہت بڑا منصوبہ ہے اور اس منصوبے کے تحت نوابشاہ سے ننکانہ صاحب تک گیس سپلائی کی جائیگی۔انہوں نے کہا یہ منصوبہ گیس کی قلت پر قابو پانے کیلئے ناگزیر ہے اور منصوبے کا قدرتی ماحول اور جنگلی حیات پر اثرات کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو جاری رکھنے کے ساتھ قدرتی ماحول کو متاثر ہونے سے بچانا بھی ضروری ہے اور ماحولیات کو اہمیت دینا بھی ضروری ہے۔

اس گیس پائپ لائین کا منصوبہ نواب شاہ سے شروع ہوکر خان پور، سکھر، گھوٹکی، رحیم یارخان، بہاولپور، وھاڑی، پاک پتن، بھاولنگر، اوکاڑہ، قصور اور ننکانہ صاحب تک جا ئیگا۔اس گیس پائپ لائین کو آر ایل این جی کی ترسیل کیلئے استعمال کیا جائیگا۔اس موقع پرندیم عارف نے بتایا کہ ماحولیاتی و سماجی اثرات کا جائزہ لینے کیلئے اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں اس منصوبے کے حوالے سے اجلاس ہونگے اور ماہر ین اور عوام کی مشاورت سے ماحول کو درپیش خطرات کو مدنظر رکھا جائیگا۔ثاقب اعجاز نے بتایا کہ ان تین اجلاس کے بعد سفارشات اور ای ایس آئی اے کے بعد انہیں منظوری کیلئے صوبائی ای پی اے کو جمع کرائی جائے گی تاکہ یہ منصوبہ ماحول دوست بنایا جاسکے۔