کراچی میں سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرکے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے محافظ عمر جلال کاٹھیو کو گرفتار

پیر 19 نومبر 2018 18:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) کراچی میں سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے محافظ عمر جلال کاٹھیو کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کالعدم تنظیموں کے خلاف سیکیورٹی اداروں کی کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے اہم کارروائی کے دوران اسامہ بن لادن کے ذاتی محافظ اور ڈرائیور محمد عمر عرف جلال کاٹھیو کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ جلال کاٹھیو کے علاوہ بھی گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق جلال کاٹھیو القاعدہ سربراہ ڈاکٹر ایمن الظواہری سے مسلسل رابطے میں تھا جبکہ وہ القاعدہ کو فراہم کی جانے والی مالی معاونت کی دیکھ بھال بھی کرتا تھا۔ جلال کاٹھیو کا نام سانحہ صفورا میں بھی سامنے آیا تھا۔

(جاری ہے)

محمد عمر عرف جلال کاٹھیو نے تیسری شادی ایمن الظواہری کی بیٹی سے کی ہوئی ہے جب کہ جلال کاٹھیو کی ایک بیوی ڈاکٹر سعدیہ افغانستان میں ہی رہائش پذیر ہے۔

جلال کاٹھیو القاعدہ کے لوگوں کے لئے پاکستان میں رہائش اور کھانے پینے کا انتظام بھی کرتا تھا۔ذرائع کے مطابق القاعدہ کے زخمی ہونے والے افراد کے علاج معالجہ پاکستان میں کرانے کا ذمہ دار بھی جلا ل کاٹھیو تھا جب کہ اسامہ بن لادن پاکستانیوں میں صرف جلال کاٹھیو پر ہی اعتماد کرتا تھا۔اسامہ بن لادن کے کمپائونڈ سے ملنے والے ایک خط میں بھی جلال کاٹھیو کا ذکر تھا جس میں واضح طور پر لکھا ہوا تھا کہ پاکستانیوں میں صرف جلال کاٹھیو ہی قابل اعتماد ہے۔جلال کاٹھیو کا تعلق سندھ کے علاقے کوٹری خدا کی بستی سے ہے جب کہ وہ عربی زبان سے بھی اچھی واقفیت رکھتا ہے۔