ایچ ای سی نے برطانیہ کے لئے پاکستانی طلباء اور فیکلٹی ممبران کے لئے کامن ویلتھ سکالر شپ کا اعلان کر دیا

پیر 19 نومبر 2018 18:49

ایچ ای سی نے برطانیہ کے لئے پاکستانی طلباء اور فیکلٹی ممبران کے لئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے برطانیہ کے لئے پاکستانی طلباء اور فیکلٹی ممبران کے لئے کامن ویلتھ سکالر شپ کا اعلان کر دیا ہے۔ پیر کو ایچ ای سی کی ترجمان عائشہ اکرام نے بتایا کہ برطانیہ کی بہترین یونیورسٹیوں میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطح کی تعلیم کے لئے طلباء اور فیکلٹی کو کامن ویلتھ سکالر شپس دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سکالر شپ کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 12 دسمبر مقرر کی گئی ہے، طلباء اور فیکلٹی ممبران دونوں درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی برطانیہ کو 60 طلباء کی نامزدگیاں بھجوائے گی جبکہ ناموں کو حتمی شکل متعلقہ ملک دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کے معمول کے پروسیس کے ذریعے 10 فیکلٹی ممبران کا انتخاب کر کے ان کے نام برطانیہ بھجوا جائیں گے جس کے بعد ایک یا دو طلباء کا حتمی انتخاب برطانیہ میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سالانہ 400 طلباء کو ایچ ای سی سکالر شپ پر بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے بھجوا رہا ہے۔ اس وقت مجموعی طور پر 2850 سکالرز بیرون ممالک تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اوسطاً 90 فیصد طلباء اپنی تعلیم مکمل کر کے ملک واپس آتے ہیں۔ گزشتہ پانچ سال کے دوران مجموعی طور پر 998 طلباء اعلیٰ تعلیم مکمل کر کے پاکستان واپس آئے۔

متعلقہ عنوان :