Live Updates

پاکستان کیلئے ڈالرز کی مدد آن پہنچی

پاکستان کو سعودی عرب سے 1 ارب ڈالرز موصول ہوگئے، زرمبادلہ ذخائر اضافے سے 14 ارب 80 کروڑ ڈالرز کی سطح پر پہنچ گئے

muhammad ali محمد علی پیر 19 نومبر 2018 18:46

پاکستان کیلئے ڈالرز کی مدد آن پہنچی
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 نومبر 2018ء) پاکستان کیلئے ڈالرز کی مدد آن پہنچی، پاکستان کو سعودی عرب سے 1 ارب ڈالرز موصول ہوگئے، زرمبادلہ ذخائر اضافے سے 14 ارب 80 کروڑ ڈالرز کی سطح پر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی پاکستان کو مالی بحران سے باہر نکالنے کی بھاگ دوڑ نے کام دکھانا شروع کردیا۔ پاکستان کوسعودی عرب کی جانب سے امدادی پیکج کی مد میں پہلی قسط موصول ہوگئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سعودی عرب سے پہلی قسط موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کوپہلی قسط کی مد میں ایک ارب ڈالر ملے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے امداد کی رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں منتقل کی گئی ہے۔ سعودی عرب سے ایک ارب ڈالرز کی قسط موصول ہونے کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں واضح اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے زرمبادلہ کے کل ذخائر 14 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گئے ہیں۔

پاکستان کے کل زرمبادلہ ذخائر اس وقت 14 ارب 80 کروڑ ڈالرز کی سطح پر آگئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کی پاس موجود زرمبادلہ ذخائر 8 ارب 48 کروڑ ڈالرز، جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 6 ارب ڈالرز سے زائد موجود ہیں۔ ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ سعودی امداد کی اگلی قسطیں آئندہ2 ماہ تک حاصل ہوں گی۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو معاشی اور مالی بحران سے نکالنے کیلئے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔

جس میں سعودی عرب نے پاکستان کو ادھار تیل اور مالی امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان امدادی قرض لینے کیلئے چین کا بھی دورہ کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ چین نے پاکستان کو توقعات سے بڑھ کر امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اسی طرح اب وزیراعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کا بھی دورہ کیا۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صدارتی محل آمد پر وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

جس کے بعد عمران خان نے ولی عہد شیخ ‌محمد بن زید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ‌باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے زیرغور معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت پر بھی اتفاق کیا۔ اسی طرح ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ہرقسم کی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی یو اے ای کے ولی عہد سے ملاقات میں دونوں ملکوں کا تربیت ، مشترکہ مشقوں اور دفاعی پیداوار میں تعاون سمیت تجارت، سرمایہ کاری اوردیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شیخ زید بن سلطان النیہان پاکستان کے سچے دوست تھے۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد زید النیہان نے کہا کہ عرب امارات علاقائی اورعالمی سطح پربرداشت کی اقدارکوفروغ دے رہا ہے۔ پاک عرب امارات تعلقات تعاون وعزت واحترام کے مضبوط رشتے پرمبنی ہیں۔ انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان کی قربانیاں اور کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اورشہزادہ محمد بن زید نے 19فروری کومشترکہ وزارتی کمیشن کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ وزارتی کمیشن کی مشترکہ صدارت پاکستان اوریو اے ای کے وزرائے خارجہ کرینگے۔دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ زیرالتواء معاہدے جلد فائنل کرنے کیلئے اقدامات کرینگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات