Live Updates

وزیر اعظم سے شہید ایس پی طاہر داوڑ کی فیملی نے ملاقات

عمران خان کا غمزدہ خاندان سے اظہار ہمدردی اور ہرممکنہ مدد کی یقین دہانی، ایس پی طاہر داوڑ ایک نڈر اور فرض شناس افسر تھے،ہم ایک فرض شناس افسر سے محروم ہو گئے۔ وزیراعظم عمران خان کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 19 نومبر 2018 18:47

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 نومبر 2018ء) وزیر اعظم عمران خان سے شہید ایس پی طاہر داوڑ کی فیملی نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم عمران خان نے غمزدہ خاندان سے اظہار ہمدردی کیا اور ہر ممکنہ سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے شہید ایس پی طاہر داوڑ کی فیملی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، افتخار درانی، آئی جی پولیس خیبرپختونخواہ بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم عمران خان نے شہید ایس پی طاہر داوڑ کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ عمران خان نے غمزدہ خاندان سے اظہار ہمدردی کیا اور ہر ممکنہ سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایس پی طاہر داوڑ ایک نڈر اور فرض شناس افسر تھے۔

(جاری ہے)

طاہرداوڑکی فرض شناسی اور بہادری محکمہ پولیس کے لیے باعث افتخار ہے۔

طاہرداوڑ کی شہادت سے ہم ایک ذمہ دار اور فرض شناس افسر سے محروم ہو گئے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ اور سینئرحکام نے شرکت کی۔ اعلامیہ اجلاس کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو بڑھتی آبادی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی آبادی میں سالانہ 2.4 فی صد شرح سے اضافہ ہورہا ہے۔

ملک کی مجموعی آبادی 20 کروڑ 78 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل نے ملک میں آبادی کی بڑھتی رفتار پراظہارتشویش کیا۔ اجلاس میں بڑھتی آبادی کوکنٹرول کرنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس کے سربراہ ہوں گے۔ اسی طرح صوبائی وزراء ٹاسک فورس کے ممبرز ہوں گے۔ قومی وصوبائی ٹاسک فورسز آئندہ 48 گھنٹوں میں قائم کی جائیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی سطح پر وزراء اعلیٰ کی سربراہی میں الگ ٹاسک فورسز بھی قائم کی جائے گی۔ قومی وصوبائی ٹاسک فورسزمستقبل کی حکمت عملی پرجامع ایکشن پلان بنائیں گی۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ بڑھتی آبادی پرکنٹرول کرنےکی سفارشات جلد پیش کی جائیں۔ مشترکہ مفادات کونسل نے2017 کی مردم وخانہ شماری نتائج کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات