چیئرمین پیمرا سے لاہور کے کیبل آپریٹرز کے وفد کی ملاقات

پیمرا جلد آپریشن کا دائرہ کار بڑھا دے گی، کسی بھی طور غیر قانونی عمل کی اجازت نہیں ہو گی،محمد سلیم بیگ

پیر 19 نومبر 2018 19:01

چیئرمین پیمرا سے لاہور کے کیبل آپریٹرز کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ سے لاہور کے کیبل آپریٹرز کے وفد کی پیمرا ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پرچیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے نمائندگان کو غیر قانونی ڈی ٹی ایچ اور انڈین چینلز / موادسے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات اور اس سلسلے میں جاری آپریشن سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں کہاکہ وہ اپنے کاروبار کو تمام غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک اور اپنی نشریات کو پیمرا قوانین کے مطابق بنائیں بصورتِ دیگر پیمرا جلد آپریشن کا دائرہ کار بڑھا دے گی اور کسی بھی طور غیر قانونی عمل کی اجازت نہیں ہو گی۔

چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے تما م جائز مطالبات کو جلد از جلد منظور کرنے اور انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ان کی مدد اور معاونت کرنے کا یقین دلایا اور ہدایت کی کہ عوام کو بہترین سروس کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے ان تمام چینلز کی ترسیل کو بند کیا جائے جو کہ ہماری مذہبی ، معاشرتی اور سماجی اقدار پر پورا نہیں اترتے۔

(جاری ہے)

مزید برآں اس بات کا بھی خاص خیال رکھیں کہ ایسے تمام پیغامات جو کہ معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے میں کارآمد ہیںجیسا کہ ڈیم فنڈز کے متعلق مفادِعامہ کے پیغامات، صاف و سرسبز پاکستان اور ٹریفک قوانین کے متعلق پیغامات کی ترسیل کو یقینی بنائیں تاکہ ایک ذمہ دار معاشرہ عمل میں لایا جا سکے۔

اس ملاقات میں ان کے ساتھ ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) محمد فاروق، جنرل منیجر (آپریشنز /میڈیا و تعلقات عامہ) محمد طاہر، سیکریٹری اتھارٹی فخرالدین مغل ، جنرل منیجر (آپریشنز-ڈسٹری بیوشن) علی حیدر شاہ ، ڈپٹی جنرل منیجر (آپریشنز-ڈسٹری بیوشن) عمران علی بھی موجود تھے۔