شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں تعلیمی سال 2019میں بیچلر اورماسٹرز میں داخلہ کیلئے پری انٹری ٹیسٹ کاانعقاد

پیر 19 نومبر 2018 19:18

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں تعلیمی سال 2019میں سات فیکلٹیوں کے 27تدریسی شعبہ جات میں بیچلر (چار سالہ پروگرام) اورماسٹرز(دو سالہ پروگرام) میں داخلہ کیلئے پری انٹری ٹیسٹ لیے گئے، میڈیا کو آرڈنیٹر پروفیسر محمد ابراہیم کھوکھر کے مطابق ٹیسٹ میں 800نشستوں کیلئے 1000سے زائد امیدوار شریک ہوئے۔

یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں 2500نشستوں کیلئے 7000سے زائد امیدواروں نے شرکت کی۔ ٹیسٹ کے پرامن انعقاد کیلئے حفاظتی انتظامات سخت کیئے گئے تھے۔ جبکہ ٹیسٹ لینے کیلئے مختلف امتحانی بلاک بھی قائم کیئے گئے تھے۔ وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے پرووائیس چانسلر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی ، تمام فیکلٹیوں کے ڈین، سلوٹا کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر غلام محی الدین ویسر اور جنرل سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر اختیار علی گھمرو کے ہمراہ ٹیسٹ کا دورہ کیا اور ٹیسٹ کے پرامن اور شفاف انعقاد کیلئے کیئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو پرامن ماحول میں بہتر اور معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔ ڈاکٹر پروین شاہ نے اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمشن نذیر احمد،منگنیجو، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز سید مہدی شاہ، میڈیا کو آرڈنیٹر اور ان کے سیکشن، ضلعی حکومت ، قانون نافذ کرنے والے اداروں،سلوٹا اور یونیورسٹی کی تمام ٹیم کو ٹیسٹ کے بہتر انداز میں انعقاد پر سراہا۔

یہاں یہ بات قابل ِ ذکر ہے کہ یونیورسٹی نے کامیابی سے بیچلر اور ماسٹرز پروگرام کا انٹری ٹیسٹ لے لیا ہے اور داخلہ پروسس کی تکمیل کے بعد یکم جنوری 2019سے نئے تعلیمی سیشن 2019کی کلاسیں شروع ہوں گی۔ اس موقع پروائس چانسلر نے اعلان کیا کہ انٹری ٹیسٹ میں تین ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں سے داخلہ فیس نہیں لی جائے گی۔