بچوں کی نگہداشت او ر تعلیم پر توجہ دیکر آئندہ نسلوں کا تحفظ کیا جاسکتا ہے، دوست محمد چانڈیو

پیر 19 نومبر 2018 19:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) بچوں کی نگہداشت او ر تعلیم پر توجہ دیکر آئندہ نسلوں کا تحفظ کیا جاسکتا ہے،20نومبر کو دنیا بھر میں بچوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے ہمیں یہ دن رسمی طور پر منانے کے بجائے بچوں کو مثبت راستہ دکھانا چاہیئے اور عزم کرنا چاہیئے کہ ہم بچوں کی تعلیم و تربیت پر بھر پور توجہ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایس او ایس ویلیج جام شورو میں پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے اشتراک سے بچوں کے عالمی دن کے حوالہ سے منعقدہ سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

اس موقع پر بچوں نے قومی و ملی نغمہ ، خوبصورت گیت سنائے اور شاندار ٹیبلو پیش کئے اس پروگرام کا عنوان ،، آج کے بچے ہمارے کل کے محافظ،، تھا تقریب میں جام شورو ، حیدرآباد اور کراچی سے بچوں ، اساتذہ اور فیملیز نے شرکت کی اور بے سہارا بچوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی گئی ایس او ایس ویلیج کے چیئرمین دوست محمد چانڈیو ، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر ذوالفقار شیخ ، زنیت بھرت ، ڈاکٹر عبدالرحمن سیال ،ڈاکٹر میکش ، ڈاکٹر غلام رسول برڑو،ڈاکٹر نند لال اور دیگر نے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ ملک میں 60 فیصد بچے اسکولوں میں نہیں جاتے ہیں یا تعلیم حاصل نہیں کرپاتے جبکہ جو اسکولز موجود ہیں وہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے واش روم اور پینے کے پانی کے مسائل موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور نگہداشت پر توجہ نہیں دیں گے تو ہمارا مستقبل بھی روشن نہیں ہو گا ہمیں اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے نئی نسل اور خاص طور پر بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہو گا انہیں لاوارث نہیں چھوڑنا چاہیئے ایس او ایس ویلیج میں بچوں پر خاص توجہ دی جارہی ہے جو کہ ایک خوش آئند قدم ہے -