Live Updates

کرپشن کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا ہی ،عوام کا پیسہ کھانے والوں کیلئے یہاں کوئی معافی نہیں ہے‘فیاض الحسن چوہان

ریاست کا پیسہ کھانا کہاں کا انصاف ہے،56کمپنیاں بنائی گئیں جو سب کی سب خسارے میں ہیں‘صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت

پیر 19 نومبر 2018 19:20

کرپشن کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا ہی ،عوام کا پیسہ کھانے والوں کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہمارے سابقہ حکمرانوں نے کرپشن کو ایک نظریہ اور ایک ضابطہ حیات بنا دیا ہے،عوام کو یہ سکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ چھوٹی چھوٹی سیٹوں پر بیٹھ کے اربوں کی جائیداد کیسے بن جاتی ہے، یہ سب کرپشن اور بد دیانتی کی وجہ سے ہی ہے،افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان پر وہ حکمران مسلط رہے ہیں جو بچوں کو یہ پیغام دیا کرتے تھے کہ بچو پاکستان بہت ضروری ہے مگر کرپشن بھی چلتی رہتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے الحمرا میں نیب کے زیر اہتمام کرپشن کے خلاف آگاہی سے متعلق بچوں کے تقریری مقابلے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے اور احتساب کا نعرہ لے کر میدان میں آ ئی ہے نئی نسل کو مایوس نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

نیب ایک خود مختار ادارہ ہے کرپشن کے خاتمے کے لیے ہر قسم کے تعصب سے بالاتر ہو کر فرائض انجام دے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ نام نہاد خادم اعلی نے 56 کمپنیاں بنائیں جو سب کی سب خسارے میں ہیں مگر ان کمپنیوں میں 12 لاکھ سے لیکر 60 لاکھ تک تنخواہوں پر گریڈ اٹھارہ اور گریڈ بیس کے افسران کی بھرتیاں کی گئیں۔ یہ سب کرپشن اور بد عنوانی کی بد ترین مثال ہے۔اور کمال ڈھٹائی تو یہ ہے کہ خادم اعلی اور فرزند اعلی جب عوام کے سامنے آتے ہیں تو ایسے وکٹری کا نشان بناتے ہیں جیسے کشمیر فتح کر کے، پیدل حج کر کے یا پھر دہلی کے لال قلعے پر پاکستان کا جھنڈا گاڑ کے آئے ہیں۔

اس نام نہاد خادم اعلی فرزند اعلی اور داماد اعلی نے مل کر گزشتہ دس سالوں میں اپنی کرپشن سے صوبے کو تباہ حالی کے قریب پہنچا دیا ہے۔فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے سابقہ حکمرانوں نے قائد اعظم کے پاکستان کو اپنی بد دیانتی اور بد عنوانی سے اربوں ڈالر کا مقروض بنا دیا ہے۔ اداروں کی تباہی دراصل ان کی کرپشن کے باعث ہی ہوئی ہے۔

پاکستان کی تاریخ میں عمران خان کی صورت میں پہلی بار وہ وزیراعظم آیا ہے جو اقتدار میں آتے ہی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خلاف ڈٹ کے کھڑا ہو گیا ہے۔ اپنے اقتدار کے پہلے تین مہینوں میں اربوں روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا سراغ لگایا گیا ہے۔ 15 ہزار جعلی بینک اکانٹس پکڑے گئے ہیں۔فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ میرا آج یہاں موجود تمام بچوں کو یہی پیغام ہے کہ آئیڈیل وہ نہیں ہوتا جو بڑے گھر میں رہتا ہے، برانڈڈ کپڑے پہنتا ہے، بلکہ آئیڈیل وہ ہوتا ہے جو ملک و قوم اور دین سے محبت کرتا ہے۔

اوراپنے ملک اور قوم کے لئے اپنی جان ہتھیلی پر رکھتا ہے۔تقریب میں معروف ٹینس اسٹار اعصام الحق اور پنجاب کے 21 اضلاع سے مختلف سکولوں کے اساتذہ اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے مقابلہ جیتنے والے طلبا میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات