حضرت محمد ؐسے محبت ایمان کا جز ہے، نبیؐ آخر الزماں سے محبت ہی میں دنیا اور آخرت کی کامیابی پنہاں ہے،وزیرداخلہ بلوچستان سلیم احمد کھوسہ

پیر 19 نومبر 2018 19:28

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) صوبائی وزیر داخلہ سلیم احمد کھوسہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے حضرت محمد ؐسے محبت ایمان کا جز ہے اور نبیؐ آخر الزماں سے محبت ہی میں دنیا اور آخرت کی کامیابی پنہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی ؐ آخر الزماں دنیا میں کامل دین لے کر آئے جو ہمیں امن، محبت، آشتی اور انسانیت کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان کے قیام کے حوالے سے ہرگز غافل نہیںعید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے 12 ربیع الاول کو درآمد ہونے والے جلوسوں اور محافل کی سیکیورٹی کے لئے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔ جلوسوں کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی فورسز، پولیس، بی سی کے اہلکار تعینات کئے جائیں گے تاکہ کسی بھی قسم کے سانحہ اور نا خوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ امن و امان کا قیام صوبہ بلوچستان کے پائیدار ترقی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ جہاں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں اہلکار و آفیسران نے امن و امان کی بحالی کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا وہاں بلوچستان کے محب وطن باشعور عوام نے نہ صرف دہشت گردوں اور شرپسندوں کے خلاف کاروائی میں پولیس اور سیکورٹی اداروں کا حوصلہ بلند کیا بلکہ ذمہ دار شہری کی حیثیت سے مذہبی، لسانی اور فرقہ وارانہ فسادات اور تفرقہ پھیلانے کیلئے دشمن کی طرف سے ہر حربہ اور سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔