Live Updates

قوم نے مینڈیٹ ہی گڈ گورننس کے قیام اور کرپشن کی بیخ کنی کے لیے دیا ہے، اشرف قریشی

ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے کوئی ادارہ اورشعبہ ایسا نہیں چھوڑا جس کا انہوں نے بیڑہ غرق نہ کیا ہو،رہنما تحریک انصاف

پیر 19 نومبر 2018 19:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری اشرف قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں قوم نے مینڈیٹ ہی گڈ گورننس کے قیام اور کرپشن کی بیخ کنی کے لیے دیا ہے۔ ہم مقررہ مدت میں نہ صرف بہترین طرزِ حکمرانی قائم کریں گے بلکہ کرپشن کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ جن حکمرانوں اور سیاستدانوں نے اپنے دورِ اقتدار میں معصوم قوم پر ترس نہیں کھایا، اب احتساب کے شکنجے میں آنے کے بعد ان کے شور شرابے اور الزامات پر قوم بھی کان دھرنے کے لیے تیار نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا۔ اشرف قریشی نے کہا کہ ملک میں پہلی بار حقیقی معنوں میں ٹھوس بنیادوں پر کام کا آغاز ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ابتدائی اسٹیج پر کچھ سخت فیصلوں سے یقینا ملک و قوم کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن بہت جلد ان فیصلوں کے دور رس ثمرات ملنا شروع ہوجائیں گے۔

ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے پے درپے حکومتوں کے ذریعے کوئی ادارہ اور کوئی شعبہ ایسا نہیں چھوڑا جس کا انہوں نے بیڑہ غرق نہ کیا ہو۔ اس ہمہ گیر تباہی و بربادی پر شرمندگی اور معذرت کرنے کی بجائے یہ بے حس حکمراں طبقہ اور ان کے حواری انتہائی ڈھٹائی و بے شرمی سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ یہ سمجھتے ہیں کہ شاید ان کی ان مکارانہ چالوں اور بے سروپا الزامات کے ذریعے یہ حکومت کو دبائو میں لے آئیں گے اور انہیں این آر او مل جائے گا۔

انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ ان کا واسطہ کسی بدعنوان حکمراں سے نہیں بلکہ عمران خان جیسے فائٹر سے پڑا ہے۔ یہ جتنا بھی شور مچا لیں ، اب انہیں کسی قسم کا کوئی این آر او نہیں ملے گا۔ انہیں قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کرنا ہوگا اورا پنے جرائم کی سزا بھی بھگتنا ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات