Live Updates

پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے جاپان 46 لاکھ ڈالر امداد دے گا

جاپان کی حکومت، جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی اور اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ کے ادارے یونیسیف کے درمیان معاہدے پر دستخط وزیر اعظم عمران خان کی حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے ،ْوزیر صحت عامر محمود کیانی

پیر 19 نومبر 2018 20:06

پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے جاپان 46 لاکھ ڈالر امداد دے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) جاپان نے 19-2018 کی پولیو ویکسین مہمات میں مدد فراہم کرنے کیلئے پاکستان کو 46 لاکھ ڈالر (61 کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد) کی امداد دینے کا اعلان کردیا۔جاپان کی حکومت، جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی (جے آئی سی ای) اور اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ کے ادارے (یونیسیف) کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

یہ امداد ڈھائی کروڑ اورل پولیو ویکسین(او پی وی) کی خریداری میں مدد فراہم کریگی ،ْ جو پاکستان کے انتہائی حساس اضلاع میں 5 سال تک کے بچوں کو ویکسین کرنے کیلئے کافی ہوگی ،ْاس کے علاوہ یہ امداد مدافعتی خلا کو پورا کرنے کے پروگرام کو شروع کرنے میں بھی مدد کریگی۔جاپانی حکومت کے اس عزم کو سراہتے ہوئے انسداد پولیو پر وزیر اعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطا نے کہا کہ حکومت اور جاپان کے عوام برسوں سے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ،ْیہاں تک کہ مشکل حالات میں بھی انہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے پولیو کا خاتمے کے پروگرام کی دنیا بھر میں بہترین عوامی خدمات کی فراہمی کے اقدامات میں درجہ بندی کی گئی ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم ابھی تک اپنی کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں اور اس موسم کے درمیان پولیو وائرس کو روکنے کے اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔فوکل پرسن کے مطابق میں جاپان کی حکومت، عوام اور ان تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے برسوں سے ہماری مدد کی، جس کے باعث آج ہم یہاں موجود ہیں۔

معاہدے کی تقریب کے موقع پر شرکا سے خطاب میں نیشنل ہیلتھ سروسز کے وزیر عامر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری وزارت کی اولین ترجیح ہے اور پولیو سے پاک پاکستان کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے کوئی کثر نہیں چھوڑی جائیگی۔اس موقع پر جاپانی سفیر تاکاسی کورائی کا کہنا تھا کہ عوامی صحت کے لیے یقیناً پولیو ایک عالمی چیلنج ہے لیکن ویکسین کے ذریعے اسے روکا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں جاپان مدد جاری رکھے گا اور مجھے امید ہے کہ بہت جلد پاکستان سے اس بیماری کے خاتمے کے مقصد کو حاصل کرلیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات