صدر آزاد کشمیرکاپاکستان ائیر ہیڈ کوارٹر ز کا دورہ ،پاکستان ائیر فورس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی

پیر 19 نومبر 2018 20:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے پیر کو پاکستان ائیر ہیڈ کوارٹر ز کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال چیف آف ائیر سٹاف ، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کیا۔ صدر آزادکشمیر کی PAFہیڈ کوارٹرز آمد پر انہیں پاکستان ائیر فورس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا ۔

صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازیں چیف آف ائیر سٹاف نے صدر گرامی کو PAFکے سینئر آفیسران سے تعارف کرایا۔ ملاقات کے دوران صدر نے ائیر چیف کو جموں وکشمیر کے مسئلے کے سفارتی اور سیاسی حل کے لئے آزادکشمیر حکومت کی ترجیحات اور کاوشوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صدر نے انہیں بتایا کہ گڈ گورننس کو یقینی بنانا اور تیز تر معاشی ترقی کے لئے اقدامات اٹھانا آزادکشمیر حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

صدر نے پیشہ وارانہ امور میں ائیر فورس کی بے مثال کارکردگی اور تکنیکی پلیٹ فارمز پر گرانقدر خدمات سرانجام دینے پر ائیر چیف کودلی مبارکباد پیش کی۔ صدر نے کہا کہ آزادکشمیر کے لوگ بحیثیت آفیسر ، ائیر مین اور سویلین سٹاف پاکستان ائیر فورس میں شامل ہوتے ہیں اور بڑے فخر سے قوم کی خدمت کرتے ہیں۔ اس موقع پرائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے قوم کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے عالمی سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

ائیر چیف نے آزادکشمیر کی اقتصادی و سماجی ترقی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ برسوں میں پاکستان فضائیہ آزادکشمیر میں اپنے دائرہ کار کو مزید تقویت دیتے ہوئے لوگوں کی فلاح و بہبود میں بڑھ چڑھ کراپنی کاوشیںجاری رکھے گی۔