جامعہ کشمیر،سردارخالد ابراہیم مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقریب

سربراہ جموں وکشمیر پیپلزپارٹی اصول پسند سیاست دان اور قیمتی اثاثہ تھے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی یونیورسٹی کے سابق رجسٹرار ڈاکٹر محمد نعیم قریشی کی وفات پر بھی دعائے مغفرت ، مرحومین کی خدمات کو خراج عقیدت

پیر 19 نومبر 2018 20:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی میں جموں وکشمیر پیپلزپارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم خان اور جامعہ کشمیر کے سابق رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قریشی کی وفات پر دعائیہ تقریب، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کا مرحوم خالدابراہیم کی سیاسی اور ڈاکٹر نعیم قریشی کی تعلیمی خدمات کو خراج عقیدت، ترجمان جامعہ کشمیر کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق آزادجموںوکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد میں سردار خالد ابراہیم خان اور یونیورسٹی کے سابق رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قریشی کی وفات پر انکے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے آزادکشمیر کے بانی صدر غازی ملت سردارابراہیم خان کے فرزندسربراہ جموں وکشمیر پیپلزپارٹی سردار خالد ابراہیم کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا،انہوں نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم کے انتقال سے آزاد کشمیر ایک سچے اور محب وطن رہنما سے محروم ہو گیا ہے، سردار خالد ابراہیم ایک سچے ،بااصول،دیانتدار،بہادر لیڈر تھے ،میدان سیاست میں انہوں نے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، سردارخالدابراہیم کی وفات ایک قومی سانحہ ہے ،انہوں نے اداروں کی بحالی اوراستحکام کیلئے اپناقومی کرداراداکیا۔

(جاری ہے)

ساری زندگی عوام کی بھرپورخدمت کی مرحوم ایک نڈر،بے باک ،بااصول ،سیاست دان تھے ان کی وفات کا خلاء پورانہیں ہوسکتا۔ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد قیوم خان نے اس موقع پر کہا کہ سردار خالد ابراہیم کی وفات سے آزاد کشمیر کی سیاست کا سنہری باب بند ہو گیا مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گے ، مرحوم ایک انصاف پسند اور لوگوں کے حقوق کی بات کرنے والے لیڈر تھے ان کی وفات سے آزد کشمیرکی سیاست اصول پسند رہنما سے محروم ہو گئی، ان کی سیاسی، ملی ،عوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ، ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم نے سیاست میں اعلی اخلاقی اقدار کوفروغ دیا، انہوں نے ساری زندگی اعلیٰ سیاسی اقدار کے فروغ اور اصولوں پر گزاری اور اسکے لئے انہوں نے کسی نقصان کی کبھی پرواہ نہ کی۔

مرحوم کا تحریک آزادی کشمیر میں بھی بہت متحرک اور جاندار کردار تھا، ،اصول و خدمت کی سیاست کے پیکر سردار خالد ابراہیم کی وفات سے آزادکشمیر کی سیاست میں خلاء پید ا ہوگیا ہے۔رجسٹرار جامعہ پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، کنٹرولر امتحاتات پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید، چیئرمین شعبہ لسانیات نوید سرور بھی اپنے خطاب میں کہا کہ سردار خالد ابراہیم کا تعلق اس سیاسی گھرانے سے تھا جس نے آزادی کشمیر کیلئے جدوجہد کی، وہ ایک نڈر ،بیباک لیڈر تھے اقتدار کی حوس سے پاک اصولوں پر کبھی کمپرومائز نہ کرنے والی شخصیت لاکھوں کشمیریوں کو دوکھی کرگئی۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد کلیم عباسی ،پرنسپل آفیسران ،رجسٹرار جامعہ، کنٹرولر امتحانات ،سربراہان شعبہ جات اور فیکلٹی ممبران نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم خالد ابراہیم اور پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قریشی کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے خاندانوں کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :