مقبوضہ کشمیر،تاجر تنظیم کی اپنے ساتھیوں کو ہراساں کئے جانے کیخلاف احتجاج کی دھمکی

پیر 19 نومبر 2018 20:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تاجروں کی تنظیم کشمیر اکنامک الائنس نے دھمکی دی ہے کہ گڈز اینڈ سروسز ٹیکس کی طرف سے تاجروں کو ہراساں کئے جانے کا سلسلہ نہ روکا گیا تو وہ احتجاج کریں گے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اکنامک الائنس کے چیئرمین محمد یوسف چھاپری نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سازش کے تحت جی ایس ٹی کی ایک ٹیم وادی آئی ہے اور وہ گزشتہ کئی روز سے تاجروں کو ہراساں کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جی ایس ٹی ٹیم کی طرف سے چھاپے تاجروں کے کاروبار کو متاثر کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر کے تاجروں کو پہلے ہی بھارت کی ریاستوں ہریانہ اور پنچاب میں ہراساں کیا جارہا ہے اوراب انہیں اپنے گھروں میں بھی ڈرایا جارہا ہے۔ محمد یوسف چھاپری نے کہاکہ مقبوضہ علاقے کی تاجر برادری کو ان ہتھکنڈوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا اوروہ ناانصافی کے خلاف مزاحمت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر تاجروں کے خلاف اقدامات کو نہ روکا گیا تووہ احتجاج کریں گے۔