حکومت بچوں کو ہرقسم کے استحصال سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم اور اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے ، ڈاکٹر عارف علوی

تمام سٹیک ہولڈرزکو اس بارے اپنی ذمہ داریاں اداکرنے کی ضرورت ہے،پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے علاقائی اورعالمی اقدامات میں کلیدی کردار اداکررہا ہے، حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر شروع کئے گئے کام کے مستقبل میں بچوں کے حقوق پر مثبت اثرات مرتب ہونگے، صدر مملکت کا پیغام

پیر 19 نومبر 2018 21:02

حکومت بچوں کو ہرقسم کے استحصال سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم اور اپنی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت بچوں کو ہرقسم کے استحصال سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم اور اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے ، تمام سٹیک ہولڈرزکو اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں اداکرنے کی ضرورت ہے،پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے علاقائی اورعالمی اقدامات میں کلیدی کردار اداکررہا ہے، حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر شروع کئے گئے کام کے مستقبل میں بچوں کے حقوق پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

صدر مملکت نے یہ بات بچوں کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بچوں کا عالمی دن ہرسال منایا جاتاہے۔بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی کنونشن (سی آر سی) کے دستخط کنندہ کی حیثیت سے پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے علاقائی اورعالمی اقدامات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نسل، عقیدہ، مذہب اورحیثیت سے بالاترہوکر بچوں کوترقی کے مواقع تک رسائی فراہم کرے۔پاکستان کی حکومت اپنے بچوں کو ہرقسم کے استحصال ، انہیں علیحدہ کئے جانے اورانہیں غیراہم قرار دیئے جانے سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی حکومت بچوں کو مساوی اورانہیںزندگی کے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کرنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کام کررہی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہم اس دن کے موقع پر اپنے ملک میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اس حوالے سے کام کرنے کے لئے پر عزم ہیں اور حکومت اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز اپنی ذمہ داریاں اداکریں ۔ بچوں کی فلاح و بہبود کے ہدف کے حصول کے لئے سرکاری اور نجی ایجنسیوں کو آپس میںاشتراک کار کو بڑھانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اصلاحات کے ایجنڈے پر کام شروع کردیا ہے جس کے مستقبل میں بچوں کے حقوق پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ان میں بچوں سے زیادتی کے تدارک کے لئے ایکشن پلان جوونائل جسٹس ایکٹ کو حتمی شکل دینا اور بچوں کے حقوق کے لئے قومی کمیشن کاقیام شامل ہے۔ صدر نے میڈیا ، کارپوریٹ سیکٹر، کمیونٹی، والدین اور خود بچوںپر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں بچوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لئے اپنا تعمیری کردارادا کریں۔