جشن عید میلادالنبیؐ کے سلسلہ میں ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے اشتراک سے سالانہ آل پاکستان مقابلہ حسن نعت

حتمی مرحلہ میں صوبائی اور علاقائی سطح پر منتخب ہونے والے بچوں اور بچیوں نے چار کیٹگریز میں حصہ لیا وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری مہمان خصوصی تھے، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان شفقت جلیل اور پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد خان بھی اس موقع پر موجود تھے

پیر 19 نومبر 2018 22:24

جشن عید میلادالنبیؐ کے سلسلہ میں ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن ..
اسلام آباد ۔ 19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) جشن عید میلادالنبیؐ کے سلسلہ میں سالانہ آل پاکستان مقابلہ حسن نعت پیر کو ریڈیو پاکستان کے زیڈ اے بخاری آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ محفل میلاد کا انعقاد ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات و ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان شفقت جلیل اور پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حتمی مرحلہ میں صوبائی اور علاقائی سطح پر منتخب ہونے والے بچوں اور بچیوں نے چار کیٹگریز میں حصہ لیا۔ 15 سال سے کم عمر لڑکوں کی کیٹگری میں خیبرپختونخوا کے دانیال احمد نے پہلی، آزاد جموں و کشمیر کے شاہ زیب الیاس نے دوسری اور سندھ سے تعلق رکھنے والے شاہنواز حسینی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

15 سال سے کم کی بچیوں کی کیٹگری میں اسلام آباد کی نور العین شاہد نے پہلی، خیبرپختونخوا کی فضہ شہزادی نے دوسری اور سندھ کی سعیدہ عالم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 15 سال سے زائد عمر کے لڑکوں کی کیٹگری میں خیبرپختونخوا کے دانش فرید نے پہلی، پنجاب کے فیصل نواز نے دوسری اور بلوچستان کے علی احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 15 سے زائد لڑکیوں کی کیٹگری میں پنجاب کی صدف گل نے پہلی، بلوچستان کی خضرا بتول نے دوسری اور خیبرپختونخوا کی صباء پرویز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تمام کیٹگریز میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے نعت خوانوں کو 50 ہزار، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو 40 ہزار اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو 20 ہزار روپے نقد انعام دیئے گئے۔ سیّد عبدالرحمن ویلفیئر فائونڈیشن کی طرف سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے تمام نعت خوانوں کو گولڈ میڈل بھی دیئے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ نعت خواں نوجوان نسل کو اسلامی ثقافت اور روایات سے روشناس کراتے ہیں۔

انہوں نے پیغمبر اسلامؐ کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کے ضمن میں ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کی کوششوں کو سراہا۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوئوں اور تعلیمات کو اجاگر کرنے کیلئے حکومت نے اس طرح کی متعدد تقاریب کا اہتمام کیا ہے۔ انہوں نے اس مقدس مقابلہ کے منتظمین اور جیتنے والوں کو مبارکباد دی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل نے انعامات جیتنے والوں میں ایوارڈز تقسیم کئے۔ مقابلہ نعت ریڈیو پاکستان کے میڈیم ویو، ایف ایم 93، ایف ایم 94، ایف ایم 101 اور پی ٹی وی سے براہ راست نشر کیا گیا۔