Live Updates

زلفی بخاری نے وزارت اوورسیز پاکستانیز میں کال سرزمین شکایت سیل کا افتتاح کر دیا

وزارت اوورسیز میں کال سرزمین شکایت سیل کا قیام وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہے ،ْ معاون خصوصی وزیر اعظم

پیر 19 نومبر 2018 22:33

زلفی بخاری نے وزارت اوورسیز پاکستانیز میں کال سرزمین شکایت سیل کا افتتاح ..
اسلا آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری نے وزارت اوورسیز پاکستانیز میں کال سرزمین شکایت سیل کا افتتاح کر دیا ہے۔ بی بلاک سیکرٹریٹ میں وزارت سمندر پار پاکستانیز کی ویب سائٹ، کال سرزمین شکایت سیل اور ای گورننس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری نے کہا کہ وزارت اوورسیز میں کال سرزمین شکایت سیل کا قیام وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہے، یہ شکایت سیل سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا گیا ہے جسے وزیراعظم شکایت سیل سے منسلک کیا جائے گا، اس سیل سے دنیا بھر میں جہاں بھی پاکستانی موجود ہیں جن کے نائیکوپ یا پاکستانی پاسپورٹ نہیں ہے وہ بھی اس سیل میں اپنی شکایت درج کرا سکیں گے اور ان کی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں اور وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے جس کیلئے وزارت اوورسیز پاکستانیز دن رات کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی وزارت میں ای آفس سسٹم کا نظام بھی لاگو کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہ میری پہلی وزارت ہے جس میں ای گورننس نظام لاگو کیا گیا ہے، اب تمام سسٹم کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے، ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے فائلوں کا پتہ چل جائے گا۔

اس سسٹم کی وجہ سے بھاری بھر کم فائلوں سے جان چھوٹے گی اور جدید طریقے سے آن لائن تمام فائلوں کا کام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے آفس میں ایک سکرین نصب کی گئی ہے جس میں میری وزارت میں کون سی فائل کس سیکرٹری کے پاس موجود ہے میں وہیں سے اسے چیک کرسکوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اوورسیز پاکستانیز بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بہتری کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے اوورسیز پاکستانیز جویریہ ظفر آہیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاون خصوصی کی دن رات کاوشوں سے وزارت میں نئی اصلاحات کی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے کافی آسانیاں پیدا ہوں گی، کال سرزمین شکایت سیل کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی جن کی پاکستان میں جائیدادوں پر قبضے کر لئے گئے ان کی شکایات کا فوری ازالہ کرے گی۔

اس سے قبل سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز محمد آصف نے کال سرزمین، ای آفس سسٹم اور نئی ویب سائٹ کے حوالہ سے شرکاء کو بریف کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی، وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، وزیر مملکت برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید اور مختلف وزارتوں کے پارلیمانی سیکرٹریز بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات